سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان امن و امان کی بحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے،فردوس عاشق اعوان

ہسپتال پر وکلا کا دھاوا قانون کو پاؤں تلے روندنے کے مترادف ہے ،ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی، معاون خصوصی

بدھ 11 دسمبر 2019 23:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان امن و امان کی بحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے،ہسپتال پر وکلا کا دھاوا قانون کو پاؤں تلے روندنے کے مترادف ہے ،ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔ بدھ کو معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ لازوال قربانیوں کی بدولت ملک میں امن بحال ہوا، قیام امن میں سکیورٹی اداروں اور سول انتظامیہ نے قربانیاں دیں،معاون خصوصی نے کہاکہ سری لنکن ٹیم کا دورہ پاکستان امن و امان کی بحالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی22کروڑ عوام امن سے محبت کرنے والے ہیں،ایک طرف وطن عزیز میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سے امن و امان کا پیغام دیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ دوسری طرف قانون کے رکھوالوں نے ہسپتال پر دھاوا بولا،ہسپتال پر وکلا کا دھاوا قانون کو پاؤں تلے روندنے کے مترادف ہے ،وزیراعظم نے لاہور واقعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے،وزیراعظم نے واقعہ کی 24گھنٹے میں رپورٹ طلب کی ہے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ ذمہ داروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ متعلقہ حکام کو ذمہ داروں کے تعین کی ہدایات دی گئی ہیں،وکلاء تنظیمیں اپنی صفوں سے کالی بھیڑوں کو الگ کریں۔انہوںنے کہاکہ کالے کوٹ پہنے گلو بٹوں نے قانون ہاتھ میں لیا،ن لیگ کے گلو بٹوں نے ہر ادارے میں اجارہ داری قائم کر رکھی ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ واقعہ کے ذمہ دار وکلاء نہیں ان میں موجود کالی بھیڑیں ہیں۔

انہوںنے کہاکہ بھارت میں اقلیتوں کے حوالے سے قانون سازی شرمناک اقدام ہے،خود کو بے گناہ کہنے والوں کا دامن داغدار ہے۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہاکہ قوم کی لوٹی دولت کی پائی پائی وصول کریں گے،پرامید ہوں نوازشریف جس مقصد کیلئے ضمانت لے کر گئے ہیں اسے پورا کرینگے۔انہوںنے کہا کہ حکومت نے کسی قیدی کے علاج معالجے میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں