پاکستان اور ڈنمارک روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لئے کوڑے کرکٹ سے بجلی کی پیداوار اور کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے ڈنمارک کے سفیر رولف ایم حے پیریریا کی ملاقات، دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

بدھ 11 دسمبر 2019 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2019ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان اور ڈنمارک روایتی ایندھن پر انحصار کم کرنے کے لئے کوڑے کرکٹ سے بجلی کی پیداوار اور کوڑے کو ٹھکانے لگانے کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا سے بدھ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس میں ڈنمارک کے سفیر رولف ایم حے پیریریا نے ملاقات کی۔

اس موقع پر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور سینیٹ میں پاکستان۔ ڈنمارک فرینڈشپ گروپ کے اراکین سینیٹرز محمد عتیق شیخ، غوث محمد خان نیازی اور میر محمد یوسف بادینی نے دونوں ممالک کی باہمی تجارت اور اقتصادی رابطوں کے اضافے اور استحکام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دوطرفہ تجارت استعداد سے کم ہے۔

(جاری ہے)

سلیم مانڈوی والا نے اپنے دورہ ڈنمارک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک نے کوڑے کی پراسیسنگ کے جدید ترین پلانٹ لگائے ہیں اور پاکستان اس حوالے سے ڈنمارک کے تجربات سے استفادہ کا خواہش مند ہے تاکہ کوڑے کرکٹ کو موثر طور پر ٹھکانے لگانے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے ثمرات کو موثر طور پر کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کئی طرح کے ماحولیاتی مسائل کا سامنا ہے تاہم ڈنمارک کے ساتھ شراکت داری سے متبادل ذرائع سے توانائی کی پیداوار اور موثر ویسٹ مینجمنٹ سے ملک کے شہروں کو صاف ستھرا رکھنے میں مدد ملے گی۔

سلیم مانڈوی والا نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے فروغ، عوامی رابطوں میں اضافہ اور باہمی مسائل کو بہتر طور پر سمجھنے کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈنمارک کی فوڈ پراسیسنگ ٹیکنالوجی کو بھی سراہا۔ ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اپنے ڈنمارک کے ہم منصب کو مناسب وقت پر دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈنمارک کے ساتھ اپنے باہمی رابطوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان تعلقات میں مزید اضافے کا خواہش مند ہے تاکہ دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے۔

فرینڈ شپ گروپ کے رکن سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ نے دونوں ممالک کے اداروں کے اشتراک کار اور باہمی رابطوں کے اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تجارتی وفود کے تبادلے وقت کی ضرورت ہیں جس سے باہمی تجارت اور ٹیکنالوجی کی ٹرانسفر سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں جس سے دونوں ممالک کے اشتراک کار اور رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا۔ ڈنمارک کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ڈنمارک اپنا 68 فیصد کوڑا کرکٹ پراسیس کر رہا ہے اور ہم کوڑے کرکٹ سے بجلی بھی تیار کر رہے ہیں پیداواری اخراجات کے حوالے سے انتہائی سستی ہے۔ انہوں نے پرتپاک استقبال پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں