پاک بحریہ کے سربراہ کا میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2019 کے انعقاد اور میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے افتتاح کے موقع پر پیغام

پاک بحریہ کے لیے اپنے اہم ترین ادارے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 4 سے 12 دسمبر تک میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2019 کا انعقاد انتہائی مسرت و اطمینان کا باعث ہے

جمعرات 12 دسمبر 2019 19:42

پاک بحریہ کے سربراہ کا میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2019 کے انعقاد اور میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کے افتتاح کے موقع پر پیغام
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 دسمبر2019ء) پاک بحریہ کے لیے اپنے اہم ترین ادارے پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں 4 سے 12 دسمبر تک میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ 2019 کا انعقاد انتہائی مسرت و اطمینان کا باعث ہے۔ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا مسلسل تیسرے سال منعقد ہونا نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ اس کی کامیابی اس امر میں پوشیدہ ہے کہ 2017 میں اپنے افتتاحی سیشن سے ہی اس ورکشاپ نے ملک کے پالیسی سازوں، ایگزیکٹوز، دانشوروں، تجارتی حلقوں اور میڈیا میں میری ٹائم سے متعلق آگہی اور دلچسپی کو فروغ دیا ہے۔

میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ ملک کے مختلف متعلقہ اداروں کے درمیان میری ٹائم سیکیورٹی کے معاملات سے آگہی پیدا کرنے کے لیے باضابطہ رابطے کا پلیٹ فارم بن چکی ہے جو ملکی سیکیورٹی پر میری ٹائم کے اثرات اور بل خصوص بلیو اکانومی کے لامحدود امکانات کو اجاگر کرتی ہے۔

(جاری ہے)


گزشتہ دسمبر میں میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ نے پہلا میری ٹائم ڈاکٹرائن آف پاکستان (MDP) بھی متعارف کرائی تاکہ قومی منظر نامے پر میری ٹائم کلچر کواُجاگرا کرنے کی کوششوں کو تیز تر کیا جاسکے۔

حال ہی میں پاکستان نیوی وار کالج لاہور نے پاک بحریہ کی جانب سے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان مفاہمتوں کا مقصد سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے نوجوانوں میں اس شعبے سے متعلق دلچسپی بڑھا کر میری ٹائم تحقیق کو وسعت دینا ہے۔ اس سال انشاء اللہ پاک بحریہ میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کا افتتاح کرنے جارہی ہے۔

یہ سینٹر علمی اور عملی میدانوں میں تحقیق کے ذریعے فیصلہ سازوں کو پالیسی لیول پر میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق چیلنجوں کے قابل عمل حل فراہم کرے گا جس سے اس شعبے میں نمایاں پیش رفت ہوسکے گی۔
مجھے پورا یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل سمندر سے ناگزیر طور پر وابستہ ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور نوجوانوں کی بڑی تعداد ملک کے لیے چیلنج اور اثاثہ بھی ہے۔

سمندری شعبے سے متعلق تحقیق میں مناسب سرمایہ کاری، بلیو اکانومی کے مواقع سے استفادہ اور سی پیک کے میری ٹائم سے متعلق حصوں کی موٴثر فعالیت سے نوجوانوں کے لیے روزگار اور خوشحالی کے وسیع مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔ پاک بحریہ اس قومی مقصد کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ مجھے امید ہے کہ میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کے منتظمین اور شرکا ء کے لیے یہ کارآمد، حوصلہ افزا اور باہمی طور پر مفید تجربہ رہے گا۔ میں ان لوگوں کو بھی مبارک باد دیتا ہوں جن کی سخت محنت کی وجہ سے میری ٹائم سینٹر آف ایکسیلینس کا خواب تعبیر کے رنگوں میں ڈھل سکا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں