پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو عورتوں کو ہر شعبہ زندگی میں مردوں کے ساتھ ساتھ لیکر چلنا ہوگا

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شہید بینظیر بھٹو کی زندگی پر لکھے ناول کے اردو ترجمے کی کتاب کے اجراء کی تقریب سے خطاب

جمعرات 12 دسمبر 2019 21:47

پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو عورتوں کو ہر شعبہ زندگی میں مردوں کے ساتھ ساتھ لیکر چلنا ہوگا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی فلاح و بہبود، معاشرتی نظم ضبط، سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی استحکام سمیت دیگر شعبہ زندگی میں خواتین کا کردار اہم ہے، پاکستان سمیت تمام مسلم ممالک کو عورتوں کو تمام شعبہ زندگی میں مردوں کیساتھ ساتھ لیکر چلنا ہوگا، سیاسی، سماجی و معاشی ترقی خواتین کو برابر حقوق دیئے بغیر ممکن نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں شہید بینظیر بھٹو کی زندگی پر لکھے گئے ناول کے انداز میں آپ بیتی پر مبنی اردو ترجمے کی کتاب کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج میرے لیے خوشی کا دن ہے کہ میرے والد آصف علی زرداری ضمانت پر رہا ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کتاب کی لکھاری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ امن اور محبت کی بات کی، ہمیشہ عورتوں کو برابر حقوق دینے کی بات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا ہمارے خاندان میں شہادت کی کہانی لکھنے کی روایت ہے، جب محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت ہوئی تو لوگ میری طرف دیکھ رہے تھے کہ میں کتاب لکھوں لیکن مجھ میں اتنا حوصلہ ہی نہیں تھا کہ میں محترمہ کی شہادت پر کچھ لکھ سکوں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی مجھے یاد ہے کہ 2007 میں بے نظیر بھٹو پاکستان میں سیگلین فرانس میں اور ہلیری کلنٹن امریکہ میں انتخابی مہم چلا رہی تھی، آج بھی امریکہ اور دنیا کے دیگر ممالک میں خواتین کی سیاست میں قبولیت اہم عہدوں کے لئے نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے مسلم ممالک سمیت دنیا بھر میں عورتوں کو ہر شعبہ میں مردوں کے برابر حقوق دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ترکی کی مصنفہ یشار سیمان نے کہا کہ بے نظیر بھٹو صرف پاکستان کی وزیراعظم ہی نہیں مسلم دنیا کی بڑی لیڈر بھی تھیں، مسلم دنیا میں بے نظیر خواتین کیلئے انسپائریشن کا ذریعہ ہیں۔ تقریب سے کتاب کی ترجمہ نگار حمنہ ملک، ترکی کے سفیر احسان مصطفی یردکل، اعتزازاحسن، فرحت اللہ بابر، ظفر بختاوری اور فرخ سہیل گوئندی نے بھی خطاب کیا اور بے نظیر بھٹو شہید کی زندگی کے مختلف واقعات سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں