سندھ پولیس سے خراب ریکارڈ پر نکالے گئے ملازمین کی درخواستوں کی سماعت ،عدالت کا وکلاء کو آئندہ تیاری کے ساتھ آنے کا حکم

جمعہ 13 دسمبر 2019 15:04

سندھ پولیس سے خراب ریکارڈ پر نکالے گئے ملازمین کی درخواستوں کی سماعت ،عدالت کا وکلاء کو آئندہ تیاری کے ساتھ آنے کا حکم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) سپریم کورٹ نے سندھ پولیس سے خراب ریکارڈ پر نکالے گئے ملازمین کی اپیلوں پر سماعت کے دور ان وکلاء کو آئندہ تیاری کر کے آنے کا حکم دیا ۔ جمعہ کو کیس کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔وکیل ملازمین نے کہاکہ پولیس اسٹیبلشمنٹ نے پسند نہ پسند کی پالیسی اپنائی ، 299 ملازمین کے خلاف کاروائی شروع کی گئی تاہم صرف 65 کو نکالا گیا ،انہی الزامات پر 50 کو ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

جسٹس مشیر عالم نے کہاکہ خراب ریکارڈ والے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی نہیں کریں گے ۔وکیل نے بتایاکہ پولیس میں ایک دن کی غیر حاضری کو ایشو بنا دیا گیا ۔جسٹس سجاد علی شاہ نے کہاکہ پولیس لازمی سروس کے تحت آ تی ہے۔عدالت نے ملازمین کی تمام درخواستیں مسترد کردیں ،وکلا کی جانب سے درخواستیں مسترد ہونے کے بعد تیاری کی مہلت کی استدعا کی گئی ،عدالت نے وکلا کی استدعا پر درخواستیں خارج کرنے کا حکم واپس لے لیا اور وکلا کو آ ئندہ تیاری کر کے آ نے کاحکم دیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں