انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے پرامن ماحول میں غنڈہ گرد عناصر کا گولیاں چلانا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے ، سراج الحق

حملہ جمعیت کے تدریسی پروگرام پر ہوا اور انتظامیہ نے تصادم کا رنگ دیا،امیر جماعت اسلامی کا واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ

جمعہ 13 دسمبر 2019 15:15

انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے پرامن ماحول میں غنڈہ گرد عناصر کا گولیاں چلانا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے ، سراج الحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی کے پرامن ماحول میں غنڈہ گرد عناصر کا گولیاں چلانا بہت سے سوالات کو جنم دیتا ہے ،جمعیت کے ایکسپو کی تقریب پر حملہ اور طالب علم کی شہادت افسوس ناک ہے۔اسلام آباد میں گزشتہ رات انٹرنیشنل اسلامی یونیورسٹی میں فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے طالب علم کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،نمازجنازہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پڑھایا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے لوگ پرامن تدریسی پروگرام کر رہے تھے،غنڈہ عناصر نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ہمارا ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔انہوںنے اسلامی یونیورسٹی انتظامیہ سے فی الفور قاتلوں کو گرفتاری کامطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ایک ایجنڈے کے تحت جمعیت کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا گیایونیورسٹی انتظامیہ بتائے اسلحہ کیسے اندر آیاقاتلوں کو گرفتار نہ کیا گیا تو سمجھیں گے حکومت اسلام آباد میں امن و امان نہیں چاہتی۔

سراج الحق نے کہا کہ نااہل، لنگڑی اور بے پرواہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن تحریک کا وقت ہے،اسلامی یونیورسٹی میں درندے دندناتے رہے اور پولیس تماشائی بنی رہی ۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ڈی آئی جی اقدامات کی بجائے سوشل میڈیا پر جھوٹ بولتے رہے سراج الحق نے کہا کہ حملہ جمعیت کے تدریسی پروگرام پر ہوا اور انتظامیہ نے تصادم کا رنگ دیاحملے میں صرف جمعیت کے لوگ قتل اور زخمی ہوئے پھر تصادم کو رنگ کس کی ایما پر۔

انہوں نے کہا کہ سمجھتے ہیں یونیورسٹی انتظامیہ مسئلے کو فوری طور پر حل کرے گی،ایک ایجنڈے کے تحت لسانی تنظیموں کو کھلی چھٹی دے دی گئی،لسانی تنظیموں کا وجود آئین پاکستان سے انحراف اور ملک میں انارکی پھیلانے کے مترادف ہے۔ سراج الحق نے کہا کہ گلگت میں جاں بحق طالب علم کے والدین اسلامی یونیورسٹی کے بارے میں کیا سوچیں گے،جب یونیورسٹی میں جمعیت کے ایکسپو پر حملے کی پلاننگ ہورہی تھی انتظامیہ کہاں تھی انہوں نے واقعہ میں ملوث تمام ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں