غربت کم کرنے کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اہم ہیں،

تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم اور دنیا کی بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں، نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ملک میں تعلیم کی نچلی سطح تک فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ’’علم پاسیبل سمٹ 2019 ‘‘سے خطاب

پیر 16 دسمبر 2019 13:04

غربت کم کرنے کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اہم ہیں،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تعلیم کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ غربت کم کرنے کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اہم ہیں، دنیا کو درپیش ماحولیات جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے تعلیم یافتہ انسانیت کی ضرورت ہے، تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم اور دنیا کی بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں، نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ملک میں تعلیم کی نچلی سطح تک فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے، مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے سکول بند ہیں، کسی کو سکولوں کے کھلنے کا معلوم نہیں ہے، بھارت میں مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

پیر کو ’’علم پاسیبل سمٹ 2019 ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ برٹش کونسل کا یہ پروگرام خوش آئند ہے، یہ میرا اور موجودہ حکومت کا ہر دل عزیز مشن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب بچوں کو سکول لانے کے لئے ایک سماجی تنظیم سے مل کر کام کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے صحت عامہ اور تعلیم کو معاشرتی خدمت کے لئے چنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برٹش کونسل کی جانب سے 3 لاکھ85 ہزار آئوٹ آف سکول بچوں کو سکولوں میں لانا بہت بڑی خدمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم صرف پاکستان نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، دنیا کو درپیش ماحولیات جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے تعلیم یافتہ انسانیت کی ضرورت ہے، تعلیم یافتہ نوجوان ملک و قوم اور دنیا کی بہتر انداز میں خدمت کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ برطانوی حکومت پاکستان میں تعلیم کے شعبہ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ برطانوی شہزادہ ولیم کے دورہ پاکستان کے موقع پر اس حوالے سے ان سے بھی بات ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بچیوں کو سکول بھیجنے کے حوالے سے ہمیں معاشرتی اعتبار سے لوگوں کی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، اپنے حلقے میں بچیوں کی تعلیم کے لئے سکولوں کی اپ گریڈیشن کرائی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سال میں صرف سکولوں کے انفراسٹرکچر پر توجہ دی گئی لیکن اب انفراسٹرکچر کے ساتھ ساتھ معیار تعلیم پر بھی توجہ دی جا رہی ہے، والدین میں بچیوں کے محفوظ ہونے اور انہیں تمام سہولیات کی فراہمی کے بارے میں اطمینان دلانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سکولوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بچوں کی نشو ونما میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، غربت کم کرنے کے لئے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اہم ہیں، ملک کی ترقی اور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے بچوں کو تعلیم کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانان ہند کی تاریخ میں سرسید احمد خان نے نمایاں تعلیمی خدمات سر انجام دیں۔ انہوں نے مسلمانوں پر بار بار تعلیم کے حصول کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر مملت نے کہا کہ مسلمانوں کے مدارس میں بچوں کو تعلیم دی جاتی تھی، مسلمانوں نے اپنے علم کے ذریعے دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کیا، ہمیں اس کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی پر انحصار بڑھانے سے بھی تعلیم کی فراہمی میں آسانی ہو جائے گی، ٹیکنالوجی کے فروغ سے تعلیم کے طریقے آسان ہوگئے ہیں، نئی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر ملک میں تعلیم کی نچلی سطح تک فراہمی یقینی بنائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال قبل اے پی ایس کا سانحہ افسوسناک اور دلخراش تھا، بچوں کی شہادت نے پوری قوم کی سوچ بدل دی۔ صدر مملکت نے کہا کہ کشیمر پاکستان کا حصہ ہے اور ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ پانچ ماہ سے سکول بند ہیں، کسی کو سکولوں کے کھلنے کا معلوم نہیں ہے، بھارت میں مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک کے آئوٹ آف سکول بچے تعلیم کے لئے سکول جائیں گے تو اس سے وہ پاکستان تعمیر ہوگا جس کا خواب پوری قوم نے دیکھا ہے۔ تقریب سے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کریٹن ٹرنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم پاکستانی نوجوانوں کے لئے اہم ہے۔ پاکستان بھر کے 65 اضلاع میں برٹش کونسل سکول سے باہر بچوںکو تعلیم فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی تاریخ طویل ہے، برطانیہ پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کررہا ہے۔ تقریب سے کنٹری ڈائریکٹر برٹش کونسل عامر رمضان، ریجنل ڈائریکٹر سوسائ-ٹی جنوبی ایشیاء برٹش کونسل شازیہ خاور نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران سانحہ اے پی ایس کے پانچ سال ہونے پر شہداء کو شرکاء نے 30 سیکنڈ خاموشی سے کھڑے ہو کر خراج عقیدت پیش کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں