کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک ہے،

اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرنے میں کردار ادا کرے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، انتہا پسند مودی کی پالیسیاں بھارت کو تباہی اور تنہائی کی طرف لے جارہی ہیں، وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کی نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو

پیر 20 جنوری 2020 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2020ء) وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیر میں ظلم و بربریت کر رہی ہے لیکن افسوس کہ عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اہل کشمیر کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے ، عالمی برادری کشمیریوں کی تکالیف ختم کرنے کے لئے مودی حکومت پر دباؤ ڈالے۔

پیر کو نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے نے کشمیریوں کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم ان کی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، مودی جانتا ہے کہ خطے میں بھارت کی بالادستی کے عزائم کی راہ میں صرف پاکستان رکاوٹ ہے، بھارتی حکومت کو اس سے قبل اسطرح کے سخت چیلنجز کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہترین مسلح افواج موجود ہیں اور وہ دشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

شیخ رشید احمد نے مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کے مرتکب ہونے پر بھارت کے اقدامات کی شدید مذمت کی اور کشمیریوں کو آزادی کی جدوجہد کیلئے قربانیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔۔ وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کی کوئی بھی طاقت اسے ہم سے الگ نہیں کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اقوام متحدہ متحرک ہو اور اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کراتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق رائے دہی فراہم کرے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مودی کی قیادت میں بھارت دنیا میں ایک انتہا پسند ملک کے طور پر ابھر رہا ہے، انتہا پسند بھارتی حکومت کی پالیسیاں بھارت کو دنیا کے سامنے تباہی اور تنہائی کی طرف لے جارہی ہیں، مودی سرکار نے اپنے ملک کا سیکولر چہرہ داغدار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ طاقت کا استعمال کر رہی ہیں اور ہمیں کشمیریوں کو کریڈٹ دینا ہوگا کہ بھارتی فورسز کی بربریت کے باوجود وہ اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے پیچھے نہیں ہٹے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں