وزیر اعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کے امیج کو بہتر کیا، اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنا پی ٹی آئی کے منشور میں ہمیشہ سر فہرست رہا ہے،

وزیر اعظم ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو سہولیات دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، شہریار آفریدی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 22 جنوری 2020 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کے امیج کو بہتر کیا، آج بیرون ملک جائو تو سب کی زبان پر پاکستان کا نام ہوتا ہے، وزیر اعظم نے قطری حکام سے قطر میں روزگار کیلئے گئے ہوئے پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے بارے بات کی، حکومت بیرون ممالک میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم نے طاقتور مافیا پر ہاتھ ڈالا تو حکومت کے خلاف سازشیں شروع ہو گئیں، مافیا عوام کو حکومت کی ناکامی کا تاثر دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت بنائی تو پہلے تین سال حکومت پر سخت تنقید کی گئی لیکن کارکردگی اور اصلاحات کی بناء پر پی ٹی آئی نے دوبارہ صوبے میں حکومت بنائی، اسی طرح آج وفاقی حکومت پر بھی تنقید کی جا رہی ہے تاہم عوام نے پی ٹی آئی حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے اور وہ کارکردگی کی بناء پر دوبارہ اقتدار میں آئے گی۔

(جاری ہے)

شہریار آفریدی نے کہا کہ تقریباً 93 پاکستانی مختلف الزامات کے تحت قطری جیلوں میں قید ہیں جو روزگار کے لئے وہاں گئے تھے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنا پی ٹی آئی کے منشور میں ہمیشہ سر فہرست رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم اور آٹے کا ب حران مصنوعی طور پر ملز مالکان اور تاجروں نے پیسوں کے لئے پیدا کیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ آٹے کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت پیدا کرنا جرم ہے اور کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔

وزیر مملکت برائے سیفران نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ ایک دہائی تک سندھ پر حکمرانی کی لیکن غربت ختم نہ کر سکی جو وفاق کی جانب سے معقول گرانٹ ملنے کے باوجود صوبے کی ترقی پر کچھ خرچ نہیں کیا اور بحران کا ذمہ دار وفاقی حکومت کو ٹھہراتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے پسے ہوئے طبقے کے لوگوں کو اوپر اٹھانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، احساس پروگرام نے ملک بھر میں بے گھر لوگوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے شیلٹر ہومز اور لنگر خانوں کا آغاز کیا جبکہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کے ادوار میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحقین کی بجائے امیروں کو نوازا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں