شاہ محمود قریشی کی برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ ،

کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا برطانوی حکومت، 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے،شاہ محمود قریشی

جمعرات 23 جنوری 2020 00:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ برطانوی حکومت، 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و دوطرفہ معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب کو خطے میں پائی جانے والی کشیدگی، امن وامان کی مخدوش صورتحال اور اس حوالے سے پاکستان کی طرف سے ممکنہ خدشات سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ تمام فریقین کو صبروتحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے، صورتحال کو معمول پر لانے کی سنجیدہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو، خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ نے برطانوی وزیر خارجہ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے،مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت، 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا موثر کردار ادا کرے۔ وزیر خارجہ نے افغان امن عمل کے سلسلے میں ، پاکستان کی طرف سے کی جانے والی مصالحانہ کوششوں سے بھی برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے برطانوی ہم منصب ڈومینک راب کو اپنی اولین فرست میں دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام _امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاک برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے میں قیام _امن کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں