سپریم کورٹ نے پولی کلینک ہسپتال انفراسٹرکچر ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا

جمعرات 23 جنوری 2020 16:25

سپریم کورٹ نے پولی کلینک ہسپتال انفراسٹرکچر ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) سپریم کورٹ نے پولی کلینک ہسپتال انفراسٹرکچرازخود نوٹس کیس نمٹا دیا ہے۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ وفاقی حکومت اور ہسپتال انتظامیہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ چیلنچ نہیں کیا ہے، ایسا لگ رہا ہے کہ پولی کلینک انتظامیہ کو عدالت عالیہ کے فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

جمعرات کو عدالت عظمٰی کے چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پولی کلینک انفاسٹریکچر از خود نوٹس کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ ایسا لگ رہا ہے کہ پولی کلینک انتظامیہ کو ہائی کورٹ کے فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں، کیا انتظامیہ نہیں چاہتی کہ ہسپتال کی توسیع ہو ، وفاقی حکومت اور ہسپتال انتظامیہ نے عدالت عالیہ کا فیصلہ چیلنچ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے دلائل دیئے کہ ہسپتال انتظامیہ ہائی کورٹ کے فیصلے سے خوش ہے، ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک نے دلائل دیئے کہ ہم تو چاہتے تھے کہ پارک والی جگہ پر سی ڈی اے اجازت دے تو تعمیرات کریں لیکن یہ معاملہ کئی سالوں سے لٹک رہا ہے اس لیے ہم نے تجویز دی تھی کہ کسی دوسری جگہ عمارت تعمیر کریں، جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ آپ کیا چاہتے ہیں کہ ہسپتال کی آدھی عمارت یہاں اور باقی کسی دوسرے سیکٹر میں ہو، عدالت عظمی نے اسی لیے از خود نوٹس لیا تھا کہ ہسپتال کی تعمیر کا مسلہ حل ہو جائے۔عدالت نے کیس نمٹا دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں