شفافیت اور احتساب موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس سلسلے میں آڈٹنگ اور اکائونٹنگ کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور دنیا میں رائج بہترین طریقہ ہائے کار اپنائے جانے چاہئیں

ْصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے پریزنٹیشن کے دوران اظہار خیال

جمعرات 23 جنوری 2020 18:38

شفافیت اور احتساب موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، اس سلسلے میں آڈٹنگ اور اکائونٹنگ کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور دنیا میں رائج بہترین طریقہ ہائے کار اپنائے جانے چاہئیں
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ شفافیت اور احتساب موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کا مقصد ملک میں اچھی طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، اس سلسلے میں آڈٹنگ اور اکائونٹنگ کے نظام میں جدید ٹیکنالوجی اور دنیا میں رائج بہترین طریقہ ہائے کار اپنائے جانے چاہئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے دی جانے والی ایک پریزنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ آڈیٹر جنرل جاوید جہانگیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صدر مملکت نے زور دے کر کہا کہ آڈٹ رپورٹس میں ظاہر ہونے والی شکایات اور بے قاعدگیوں پر موثر کارروائی کے ذریعے بدعنوانی کی لعنت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پرانے نظام کو جدید طریقوں اور نئی ٹیکنالوجیز سے تبدیل کیا جانا چاہیے۔

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ قومی خزانے کے منصفانہ استعمال اور بے قاعدگیوں کے انسداد کے لئے بین الاقوامی سطح پر رائج بہترین طریقے اپنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے منصوبہ جات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے ان کی مدت کا تعین اور تیز عملدرآمد ہونا چاہیے۔ صدر مملکت نے باقاعدہ تربیت کے ذریعے انسانی سرمائے کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر آڈیٹر جنرل نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے محکمہ کی کارکردگی کی بہتری، میرٹ، شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں