ریلوے خسارہ کیس،شیخ رشید کی سپریم کورٹ میں سرزنش

جیسی ریلوے چل رہی ہے، میرے خیال میں آپ ریلوے بند کر دیں،آگ لگنے سے 70افراد جاں بحق ہوئے، آپ کو استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا، چیف جسٹس گلزاراحمد کے سخت ریمارکس

Khurram Aniq خُرم انیق منگل 28 جنوری 2020 13:07

ریلوے خسارہ کیس،شیخ رشید کی سپریم کورٹ میں سرزنش
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-28جنوری2020ء) سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ کیس کی سماعت ہوئی جس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید پیش ہوئے۔کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس کی جانب سے وفاقی وزیر کے خلاف برہمی کا اظہار کیا گیا اور ریلوے کی رپورٹ طلب کی گئی۔چیف جسٹس گلزار احمد کی جانب سے کہا گیا کہ جیسی ریلوے چل رہی ہے، ہمیں ایسی ریلوے کی ضرورت نہیں، میرے خیال میں آپ ریلوے بند کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی جس میں وفاقی وزیر شیخ رشید پیش ہوئےا۔چیف جسٹس کی جانب سے وفاقی وزیر سے ریلوے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے پوچھا گیا کہ ریلوے  میں آ گ لگی تھی، 70 لوگ مرے تھے، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ آپ کو تو استعفیٰ دے دینا چاہیئے تھا، کارروائی کا عمل ہوا یا نہیں؟ شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس کی جانب سے کہا گیا کہ آپ کا کیا چٹھا ہمارے سامنے ہیں، آپ کو  استعفیٰ دے دینا چاہیئے تھا۔

(جاری ہے)

شیخ رشید کی جانب سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ آگ لگنے کے واقعے کے بعد   29 لوگوں کے خلاف کارروآئی کی گئی جن کو برطرف کیا گیا۔اس بات پر بھی چیف جسٹس کی جانب سے کہا گیا کہ چھوٹے  ملازمین اور ڈرائیور کو برطرف کرنے سے کیا ہو گا؟آپ اپنا استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟مزید بات کرتے ہوئے چیف جسٹس کی جانب سے ریلوے کو منافع بخش بنانے کے لئے تفصیلاََ پلان مانگ لیا ہے۔دوسری جانب چیف جسٹس کی جانب سے ایم ایل ون کی منظور ی نہ ملنے پر وفاقی وزیر اسد عمر کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ میں ریلوے خسارہ  کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید پیش ہوئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں