چیئرمین نیب کا نیب کو بحیثیت ادارہ بدنام کرنے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت

منگل 28 جنوری 2020 15:22

چیئرمین نیب کا نیب کو بحیثیت ادارہ بدنام کرنے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2020ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ بعض افراد مختلف بنکوں کی ATMمشینوں پر ATMکارڈ بلاک کر کے ان کو فعال کرنے کے لئے جعلی نمبروں پر نہ صرف رابطہ کرنے کا کہتے ہیںبلکہ کسٹمر زکو ڈراتے ہیں کہ جلد ہی نیب اور دیگر ادارے آپ سے رابطہ کریں گے۔

چیئرمین نیب نے مذکورہ فراڈ کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ کی انکوائری کا حکم دیا ہے تا کہ نیب کو بحیثیت ادارہ بدنام کرنے والوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جا سکے۔چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب نے اب تک 9 نیب کے جعلی افسران کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق پولیس کے حوالے کیا ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔

(جاری ہے)

نیب عوام کو ان کے بہترین مفاد میں ایک بار پھر آگاہ کرتاہے کہ اگر نیب کا کوئی جعلی افسر بن کر کسی کو ٹیلی فون پر رابطہ کرتا ہے تو اس کی اطلاع ترجمان نیب کو دی جائے۔ واضح رہے کہ چیئرمین نیب نے ٹیلی فون پر نیب کے کسی افسر کو کسی گواہ/ ملزم سے بات کرنے سے سختی سے منع کر رکھا ہے اور اس سلسلہ میں تحریری ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ نیب کو اگر کسی گواہ /ملزم کو قانونی کارروائی کے لئے بلانا مقصود ہو تو اسے خط لکھ کر بلایا جائے اور حتی المقدورکوشش کی جائے کہ نیب میں آنے والے ہر شخص سے مقررہ وقت پر ہی ملاقات کی جائے اور اس کی عزت نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھا جائے اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں