اسد قیصر سے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی فداد محمد نشاد نے ملاقات کی ،ترقیاتی منصوبوں سمیت قانون سازی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال

قومی مسائل کے حامل معاملات پر قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، سی پیک پاکستان خصوصاًً گلگت بلتستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، سپیکر قومی اسمبلی

منگل 28 جنوری 2020 15:30

اسد قیصر سے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی فداد محمد نشاد نے ملاقات کی ،ترقیاتی منصوبوں سمیت قانون سازی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی فدا محمد نشاد نے ملاقات کی جس میں ملاقات گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت قانون سازی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ ملک معاشی مسائل کا شکار ہے جس سے نبرد آزما ہونے کے لیے موجودہ حکومت نے مشکل فیصلے کیے ہیں، حکومت کو خستہ حال معیشت ورثے میں ملی جسے بہتر کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

اسد قیصر نے کہاکہ قومی مسائل کے حامل معاملات پر قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے، سی پیک پاکستان خصوصاًً گلگت بلتستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی تکمیل سے گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے راہیں کھلیں گی، سیاحت کے اعتبارسے ہمارے شمالی علاقے خصوصاًً گلگت بلتستان دنیا کی توجہ کا مرکز ہے ۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے ذریعے ہم علاقائی پسماندگی اور بے روزگاری پر قابو پا سکتے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت نے خطے میں خوف ناک انسانی المیہ جنم لے لیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لیے قدامات کرے۔ اسپیکر گلگت بلتستان نے کہاکہ وفاق اور صوبوں کے مابین رابطوں کے فروغ سے ملک کو درپیش مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

اسپیکر نے کہاکہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مسائل پر خصوصی توجہ دے۔ انہوںنے کہاکہ قومی اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی کے اراکین میں راوبط سے قانوں سازی اور تجربات سے استفادہ حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت کے معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات قابل ستائش ہیں، مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو نام نہاد بھارتی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے۔اسپیکر گلگت بلتستان نے کہاکہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں