وفاق کو پہلی ششماہی میں 994 ارب روپے بجٹ خسارہ ہوا

مجموعی محصولات 3231 ارب روپے رہے، غیرملکی قرضے 513.58 ارب روپے اور ملکی قرضے 481.3 ارب روپے ہیں۔ رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے وفاقی کھاتوں کی تفصیلات جاری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 16 فروری 2020 18:58

وفاق کو پہلی ششماہی میں 994 ارب روپے بجٹ خسارہ ہوا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری 2020ء) رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں 994ارب روپے بجٹ خسارہ ہوا،مجموعی محصولات 3231ارب روپے رہے،غیرملکی قرضے 513.58ارب روپے اور ملکی قرضے 481.3ارب روپے ہیں۔ ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے وفاقی کھاتے کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں، جس کے تحت پہلی ششماہی میں 994ارب روپے بجٹ خسارہ ہوا۔

مجموعی محصولات 3231ارب روپے رہے۔کل اخراجات 4226ارب روپے ہوئے۔غیرملکی قرضے 513.58ارب روپے اور ملکی قرضے 481.3ارب روپے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ این ایف سی ایوارڈ سے ٹیکسوں کے ذریعے سے 1325ارب روپے صوبوں کو فراہم کیے گئے۔این ایف سی ایوارڈ میں پنجاب کو 634ارب روپے اور سندھ کو 327ارب روپے فراہم کیے گئے۔اسی طرح خیبرپختونخواہ کو 214ارب روپے اور بلوچستان کو 49 ارب روپے فراہم کیے گئے۔

(جاری ہے)

رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ایف بی آر کی ٹیکس وصولیاں 2250 ارب روپے رہیں،چاروں صوبوں کی ٹیکس وصولی 214 ارب روپے رہی۔وفاق کی نان آمدن ٹیکس وصولی 766ارب روپے رہی۔ مزید برآں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری 2019-20ء کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 13.302 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا جنوری 2018-19ء کے دوران ترسیلات زر کا حجم 12.774 ارب ڈالر تھا ۔

اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران ترسیلات زر کی وصولی میں 528 ملین ڈالر یعنی 4.13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے کی گئی ترسیلات زر میں سعودی عرب سے سب سے زیادہ رقوم بھیجی گئی ہیں جو مجموعی ترسیلات زر کے 23 فیصد کے مساوی ہیں اور رواں مالی سال کے دوران سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 3.051 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سعودی عرب 2.97 ارب ڈالر کی ترسیلات کی گئی تھیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے پہلے 7 مہینوں کے دوران امریکہ سے کی گئی ترسیلات زر کی شرح میں 11 فیصد جبکہ برطانیہ سے بھیجی گئی رقوم کی وصولی میں 5.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 2.22 ارب ڈالر بھیجے گئے ہی جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے اپنے ہم وطنوں کے لئے 2.052 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں۔

ایس بی پی کے مطابق جنوری 2019ء کے مقابلہ میں جنوری 2020ء کے دوران ترسیلات زر کی وصولیوں میں 9.34 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جنوری 2020ء کے دوران سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے 1.907 ارب ڈالر کی ترسیلات زر کی گئی ہیں جبکہ جنوری 2019ء کے دوران ترسیلات زر کا حجم 1.744 ارب ڈالر رہا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں