وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے وفاقی وزیر چوہدری فوادحسین کی ملاقات ، بائیو ٹیکنالوجی اور کیمیکل پیداوار میں تحقیق و ترقی کے حوالے سے تجاویز کے بارے میں آگاہ کیا

منگل 18 فروری 2020 20:44

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے وفاقی وزیر چوہدری فوادحسین کی ملاقات ، بائیو ٹیکنالوجی اور کیمیکل پیداوار میں تحقیق و ترقی کے حوالے سے تجاویز کے بارے میں آگاہ کیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فوادحسین نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فوادحسین نے بالخصوص بائیو ٹیکنالوجی اور کیمیکل پیداوار میں تحقیق و ترقی کے حوالے سے تیار کی جانے والی تجاویز کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر کو آگاہ کیا۔

ان تجاویز میں بزنس کمیونٹی، مختلف یونیورسٹیوں اور تحقیق کے اداروں کے مابین قریبی رابطوں کا قیام شامل ہے۔ فواد چوہدری نے وزیراعظم کے مشیر کو 1.3 ارب ڈالر مالیت کے کیمیکلز کی برآمد کی تجویز کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کیمیکلز اور بائیو ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تحقیق کے فروغ کے لئے خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کی تجویز پر کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ زونز ملک کے مختلف شہروں میں قائم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تحقیق اور ترقی کے نتیجہ میں نہ صرف مقامی پیداوار میں بہتری آئے گی بلکہ اس سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز جلد کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے برآمدات کے فروغ کے لئے اختراعی منصوبوں پر وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ وزارت خزانہ اس ضمن میں تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں