احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ سے سندھ بینک کو 25 ارب روپے نقصان پہنچانے سے متعلق ریفرنس پر سماعت چار مارچ تک ملتوی کردی

بدھ 19 فروری 2020 00:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 فروری2020ء) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ سے سندھ بینک کو 25 ارب روپے نقصان پہنچانے سے متعلق ریفرنس پر سماعت چار مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے یونس قندوائی اور سلیم فیصل سمیت دیگرملزمان کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ منگل کے روز احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے سندھ بینک میں کرپشن سے متعلق ریفرنس پر سماعت کی۔

سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ، عبد الغنی مجید، طارق اسلم سمیت دیگر ملزمان عدالت کے رو برو پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے یونس قندوائی، سلیم فیصل سمیت دیگر پیش نہ ہونے والے ملزمان کو دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کر تے ہوئے سماعت 4 مارچ تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ ملزما ن پر سندھ بینک سے حسین لوائی کی بے نامی کمپنیوں کو 29 ارب قرض دینے کا الزام ہے۔ نیب ریفرنس میں بتایا گیا ہے کہ انتیس ارب میں سے چار ارب واپس کئے گئے ہیں جبکہ ملزمان سندھ بینک کے پچیس ارب روپے غبن کر گئے ہیں۔

ملزم بلال شیخ ، طارق احسن نے حسین لوائی کے ساتھ قرض کے نام پر منی لانڈرنگ کا منصوبہ بنایا، ملزمان کا مقصد سندھ بینک کا پیسہ حسین لوائی کے نجی بنک میں منتقل کرنا تھا، حسین لوائی کی تین بے نامی کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں