سوشل میڈیا قوانین کا مقصد اظہار رائے، سیاسی اختلافات کو دبانا نہیں، وزیر اعظم

قانون لانے کا بنیادی مقصد صرف اور صرف شہریوں کا تحفظ کرنا ہے ، یہ قانون بچوں، اقلیتوں، مذہبی معاملات سمیت قومی سلامتی کے تحفظ کے پیش نظر بنایا جا رہا ہے، عمران خان کااجلاس سے خطاب

بدھ 19 فروری 2020 00:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا قوانین کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلافات کو دبانا نہیں ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سوشل میڈیا کے مجوزہ قوانین پر نظرثانی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزارت اطلاعات، وزارت داخلہ، وزارت قانون، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی ای) حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں حال ہی میں بنائے گئے سوشل میڈیا قوانین پر ردعمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعظم نے مجوزہ قوانین پر عملدرآمد سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کی ہدایت کر دی جبکہ مجوزہ قوانین کے پیش نظر آزادی اظہار پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قانون لانے کا بنیادی مقصد صرف اور صرف شہریوں کا تحفظ کرنا ہے اور یہ قانون بچوں، اقلیتوں، مذہبی معاملات سمیت قومی سلامتی کے تحفظ کے پیش نظر بنایا جا رہا ہے۔

وزیرا عظم نے کہا کہ سنگاپور اور برطانیہ سمیت بہت سے ممالک ایسے قوانین لا رہے ہیں جبکہ پاکستان بھی بدلتے حالات و واقعات کے پیش نظر ایسے قوانین لا رہا ہے تاہم ان قوانین کو عملدرآمد سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔عمران خان نے ہدایت کی کہ اسٹیک ہولڈرز کی دی گئی تجاویز کو مجوزہ قانون میں شامل کیا جائے اور قانون کا مقصد مثبت اظہار رائے یا سیاسی اختلاف کو دبانا نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں