رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کا انسانی خدمت کا جذبہ معاشرے کے دوسرے طبقات کے لئے قابل تقلید ہے،

ٹرسٹ کی بے سہارا، غریب اور نادار لوگوں کو پناہ گاہوں میں سہولیات اور کھانے کی فراہمی خوش آئند ہے وزیراعظم عمران خان کی رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 20 فروری 2020 23:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2020ء) وزیراعظم عمران خان نے رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کی صحت کے شعبہ میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرسٹ کی بے سہارا، غریب اور نادار لوگوں کو پناہ گاہوں میں سہولیات اور کھانے کی فراہمی خوش آئند ہے، مخیر حضرات کی جانب سے بیمار، بے سہارا اور نادار افراد کی خدمت لائق تحسین ہے۔

انہوں نے یہ بات جعمرات کو یہاں رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے چیئرمین خواجہ عمر فاروق اور فائونڈنگ چیئرمین میاں محمد احسن کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد نے وزیراعظم کو ٹرسٹ کی صحت کے شعبہ میں خدمات اور وزیراعظم کے پناہ گاہ پروگرام لاہور کے حوالہ سے مختلف امور پر آگاہ کیا۔ رجب طیب اردگان ہسپتال ٹرسٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت سات ہسپتالوں اور دو علاقائی بلڈ سینٹرز میں علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ گذشتہ سال لاکھوں مریض ٹرسٹ کے مختلف ہسپتالوں میں مفت علاج سے مستفید ہوئے اور لاہور کی پناہ گاہوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کو مفت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کی صحت کے شعبہ میں خدمات کو سراہا اور ٹرسٹ کی بے سہارا، غریب اور نادار لوگوں کو پناہ گاہوں میں سہولیات اور کھانے کی فراہمی کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہاکہ مخیر حضرات کی جانب سے بیمار، بے سہارا اور نادار افراد کی خدمت لائق تحسین ہے۔ وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون اور معاونت کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ٹرسٹ کا انسانی خدمت کا جذبہ معاشرے کے دوسرے طبقات کے لئے قابل تقلید ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں