وزارت صحت کا صحت مند پاکستان منصوبہ قابل تعریف ، کینسر کیلئے ہم آہنگ پالیسی بنانا وفاقی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدا مرزا کی پی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 22 فروری 2020 23:15

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 فروری2020ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدا مرزا نے کہا ہے کہ وزارت صحت کا صحت مند پاکستان منصوبہ قابل تعریف ہے، کینسر کیلئے ہم آہنگ پالیسی بنانا وفاقی اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہفتہ کو پی ٹی وی پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’صحت مند پاکستان، نیا پاکستان پروگرام‘‘ قابل تحسین ہے، صحت مند پاکستان کیلئے عوام کو کینسر سمیت دیگر بیماریوں کے بارے آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے اور اس میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملک بھر میں عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، ملک کے غریب خاندانوں کو علاج کیلئے صحت انصاف کارڈز جاری کئے گئے ہیں تاکہ انہیں علاج کیلئے مالی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فہمیدا مرزا نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کو خاص اہمیت حاصل ہے، اسلئے انہیں اپنے صحت کے مسائل کو ہرگز نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں کینسر بہت تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے، بلاشبہ یہ ایک موذی مرض ہے تاہم اس سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، بروقت بیماری کی تشخیص اور جلد علاج سے اس سے نجات حاصل کرنا ممکن ہے، کینسر کے مرض میں مبتلا لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے تاکہ وہ ہمت نہ ہاریں اور مثبت سوچ کے ساتھ علاج کرائیں۔ انہوں نے کہا جب مجھے کینسر کی تشخیص ہوئی تو یہ میری زندگی کا مشکل ترین لمحہ تھا، اس وقت میں سپیکر قومی اسمبلی بھی تھی اور میرے لئے گھر سمیت قومی ذمہ داریاں نبھانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا لیکن میں نے بیماری کے باوجود تمام ذمہ داریاں نبھائیں اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے اس بیماری کو شکست دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں