ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے،

وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا بیان

منگل 25 فروری 2020 20:10

ڈونلڈ ٹرمپ کے مؤقف سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2020ء) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مؤقف سے یہ ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان خطہ میں امن کا خواہاں ہے، وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

منگل کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی صدر نے بھارت میں مودی اور ہزاروں بھارتی شہریوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب کے دوران پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کی تعریف کی جس پر بھارتی مجمع پر سکتہ طاری ہوگیا۔

غلام سرور خان نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دنیا کے ایک طاقتور لیڈر نے بھارت میں بھرے مجمع کے سامنے پاکستان کی تعریف کی ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی رہنماء مسئلہ کشمیر کو حل کرانے میں سنجیدگی دکھائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں