نواز شریف اگر پاکستان نہیں آتے تو اشتہاری قرار دیئے جائیں گے،فردوس عاشق اعوان

منگل 25 فروری 2020 20:13

نواز شریف اگر پاکستان نہیں آتے تو اشتہاری قرار دیئے جائیں گے،فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اگر پاکستان نہیں آتے تو اشتہاری قرار دیئے جائیں گے،بارہا مراسلے لکھنے کے باوجود نواز شریف نے میڈیکل رپورٹس جمع نہیں کرائیں،اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے شہباز شریف واپس آئیںاور قومی خزانے سے ملنے والی تنخواہیں حلال کریں ،سابقہ ادوار میں کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں بڑھیں، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے سابقہ ادوار کے فیصلوں کا بوجھ عوام پر نہیں پڑنا چاہیے،چھوٹے بجلی صارفین بجلی کی مد میں سبسڈی جاری رہے گی،صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت میں بھارتی بیانیے کی شکست پاکستان کی کامیابی ہے،پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ، وائرس سے بچائو کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ،نیشنل ایجوکیشن ایکشن پلان کا مقصد یکساں تعلیمی نصاب کا نفاذ ہے،چھٹی جماعت سے 8ویں تک یکساں نصاب تیار ہے، جلد فریقین سے مشاورت کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

منگل کو کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے کابینہ کو کرونا وائر س کے حوالے سے ترجیحات سے آگاہ کیا ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ پاکستان میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ،وزیراعظم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی ،ہمسایہ ممالک میں پھیلے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

معاون خصوصی نے کہاکہ صدر ٹرمپ کے دورہ بھارت میں بھارتی بیانیے کی شکست پاکستان کی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزارت توانائی نے بجلی قیمتوں کے تعین اور کمی کیلئے حکمت عملی پیش کی۔ انہوںنے کہاکہ سابقہ ادوار میں کیے گئے معاہدوں کی وجہ سے بجلی کی قیمتیں بڑھیں۔ انہوںنے کہاکہ پانامہ کیس کے باعث (ن )لیگ نے بجلی کی قیمتوں کے معاملے میں تاخیر کی۔

انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے کہا کہ سابقہ ادوار کے فیصلوں کا بوجھ عوام پر نہیں پڑنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم نے عوام کو بجلی کی قیمتوں کے بوجھ سے بچانے کیلئے حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کی پیداوار اور قیمتوں کے جائزہ کے لیے اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے،ٹرانسمیشن لائنیں 18ہزار میگاواٹ سے زیادہ بجلی منتقل نہیں کر سکتیں۔

معاون خصوصی نے کہاکہ گرمی میں بجلی کی طلب 26ہزار میگاواٹ سے بھی بڑھ جاتی ہے،لائن لاسز پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال بجلی چوروں کے خلاف کی گئی کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا ۔معاون خصوصی نے کہاکہ چھوٹے بجلی صارفین بجلی کی مد میں سبسڈی جاری رہے گی۔انہوںنے کہاکہ 300یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کو 162ارب روپے سبسڈی جاری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ ثانیہ نشتر نے کفالت، آمدن ، سکالر شپ پروگرام اور لنگر خانوں کے حوالے سے آگاہ کیا ،وزیراعظم نے احساس پروگرام پر اطمینان کا اظہار کیا ،2کروڑ 20لاکھ بچوں کو سکول میں داخل کرایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ نیشنل ایجوکیشن ایکشن پلان کا مقصد یکساں تعلیمی نصاب کا نفاذ ہے۔معاون خصوصی نے کہاکہ جماعت اول سے پانچویں تک یکساں نصاب منظوری کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ چھٹی جماعت سے 8ویں تک یکساں نصاب تیار ہے، جلد فریقین سے مشاورت کی جائے گی ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ یکساں نصا ب قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ رائج کیا جا رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ دینی تعلیم کو بھی یکساں نصاب کا بنیادی حصہ بنایا جائیگا۔ انہوںنے کہاکہ وفاقی کابینہ کو معیشت کے اعدادوشمار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،حکومتی اقدامات اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی آئی،اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے کڑی نگرانی کی ہدایت کی گئی ۔

معاون خصوصی نے کہاکہ ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، مزید بہتری کی توقع ہے۔ انہوںنے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں وزیر قانون کے حوالے سے قیاس آرائیاں ہو رہی تھیں ،وزیراعظم نے وزیر قانون کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ۔معاون خصوصی نے نوازشریف کے حوالے سے سوال پر کہاکہ بیمار سیاسی قیدی رپورٹس کی بجائے میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کراتے رہے،بارہا مراسلے لکھنے کے باوجود نواز شریف نے میڈیکل رپورٹس جمع نہیں کرائیں۔

انہوںنے کہاکہ پنجاب حکومت نے میڈیکل بورڈ کی سفارش پر ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے قانون کے تحت نواز شریف کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف اگر پاکستان نہیں آتے تو اشتہاری قرار دیئے جائیں گے۔معاون خصوصی نیخ کہاکہ نواز شریف کے پلیٹ لیٹس میں اتار چڑھاؤ میڈیا کی زینت بنتا رہا ،نواز شریف کی سرجری کے حوالے سے میڈیا میں کوئی خبر نہیں آ رہی۔

معاون خصوصی نے کہاکہ علاج کرانے کی بجائے ہوٹلز میں دعوتیں اڑائی جا رہی ہیں،نواز شریف کی جہاں سرجری ہونی ہے وہاں میڈیا کو رسائی دے دیں۔معاون خصوصی نے کہاکہ شہباز شریف نے اصرار پر جو عہدہ لیا اسے بے توقیر نہ کریں۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ اپوزیشن لیڈر کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے شہباز شریف واپس آئیں،شہباز شریف قومی خزانے سے ملنے والی تنخواہ کو حلال کریں ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں