بھارت رات کے اندھیرے میں پاکستان پر 9 میزائلوں سے حملہ کر سکتا ہے

27 فروری کے دن سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پاکستان نے دشمن ملک کو جواب دینے کے لیے بھارت پر 13 میزائلوں سے حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 28 فروری 2020 12:55

بھارت رات کے اندھیرے میں پاکستان پر 9 میزائلوں سے حملہ کر سکتا ہے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-28فروری2020ء) گذشتہ سال اسی مہینے میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تو ردِعمل میں پاکستان نے دنیا کو دکھا دیا کہ ہماری افواج کی طاقت کیا ہے۔27 فروری کو پاکستان نے حدود کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کے دو جہاز گرائے اور ایک پائلٹ کو بھی گرفتار کیا۔جسے ایک دن حراست میں رکھنے کے بعد امن کا پیغام دینے کے لیے رہا کر دیا گیا اور بذریعہ واہگہ بارڈر بھارت کے حوالے کیا گیا۔

27 فروری کا دن اگرچہ پاکستان اور بھارت کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔27 فروری کے حوالے سے پاکستان اور بھارت میں الگ الگ باتیں اور افواہیں رپورٹ ہوئیں تاہم ایک بات واضح تھی کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا اور پاکستان دشمن ملک کے ارادوں سے بخوبی واقف تھا۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھی ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے یہ بات واضح کی کہ ہم دشمن ملک کے ارادوں سے واقف ہیں۔

اسی حوالے سے بی بی سی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ سال فروری میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کو خفیہ معلومات ملی تھیں کہ بھارت 27فروری کو رات 9 سے 10 بجے کے درمیان پاکستان پر 9میزائیلوں سے حملہ کرے گا۔پاکستان نے اس کا جواب دینے کے لیے انڈیا پر 13 میزائلوں سے حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا۔اسی دوران اسلام آباد،لاہور،کراچی کے آس پاس ’بلیک آؤٹ‘ کرنے اور فضائی راستے بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے تھے۔

واضح رہے 27 فروری کو پاکستان نے بھارتی حملوں کو بھر پور جواب دیتے ہوئے بھارتی طیارے گرا دیئے تھے اور پائلٹ کو گرفتار کر لیاتھا۔ بھارتی پائلٹ کا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا گیا تھا ۔بھارتی پائلٹ کا کہنا تھا کہ میں بھارتی فضائیہ کا افسر ہوں۔ میں ایک فلائنگ پائلٹ ہوں۔ میرا نام ونگ کمانڈر ابھی نندن ہے۔ میرا سروس نمبر 27981 ہے ۔ میرا مذہب ہندو ہے۔

بھارتی پائلٹ نے ویڈیو پیغام میں آئی ایم سوری بھی کہا ۔ بھارتی پائلٹ کی اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر کافی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ لائن آف کنٹرول پر جاری سرگرمی سے متعلق سابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی ائیر فورس کے دو جہاز ایک مرتبہ پھر فضائی حدود کی خلاف ورزی کر کے پاکستان میں داخل ہو ئے۔

ہماری ائیر فورس تیار تھی، اور انہوں نے پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے طیاروں کو مار گرایا نتیجے میں دونوں بھارتی جہاز تباہ ہوئے۔ایک کا ملبہ ہماری طرف گرا دوسرے طیارے کا ملبہ اُن کی طرف گرا۔ بتایا کہ پاکستان کی زمینی فورسز نے زندہ بچ جانے والے بھارتی پائلٹس کو حراست میں لے لیا ۔ ہم نے ان کے ساتھ ایک مہذب ملک کی طرح سلوک کیا ۔ ان میں سےایک پائلٹ زخمی تھے ۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو آزاد کر دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں