چین کورونا وائرس کے خلاف مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کی ترجیحی بنیادوں پر مدد کر رہا ہے جو پاکستان اور چین دوستی کی عظیم مثال ہے،

ملک میں کرفیو جیسا لاک ڈائون نہیں کر سکتے، ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں اور حکومت عوام کی بہتری کیلئے فیصلے کر رہی ہے، میڈیا بھی عوام کو معاملے کی حساسیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کرے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 28 مارچ 2020 23:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چین کورونا وائرس کے خلاف مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کی ترجیحی بنیادوں پر مدد کر رہا ہے جو کہ پاکستان اور چین دوستی کی عظیم مثال ہے، ملک میں کرفیو جیسا لاک ڈائون نہیں کر سکتے، ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں اور حکومت عوام کی بہتری کیلئے فیصلے کر رہی ہے، میڈیا بھی عوام کو معاملے کی حساسیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چین ضرورت کے مطابق پاکستان کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے، چین صحت کے عملے کو محفوظ رکھنے، ٹیسٹ کٹس اور وینٹی لیٹرز فراہم کر رہا ہے، چین کو دوسرے ممالک سے بھی وینٹی لیٹرز کے آرڈرز ہیں لیکن وہ ترجیحی بنیادوں پر پاکستان کو وینٹی لیٹرز فراہم کر رہا ہے جس پر ہم اس کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ جسطرح پاکستان نے مشکل وقت میں چین کا ساتھ دیا تھا، اسی طرح اب چین بھی کورونا وائرس کے خلاف مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کر رہا ہے، چین نے آج بھی طبی عملہ اور دوسرا سامان پاکستان بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووہان میں پاکستانی طلبہ ذہنی طور پر مطمئن ہیں اور وہ اپنا کام جاری رکھنا چاہتے ہیں، کئی ممالک نے اپنی فلائٹس اور ایئرپورٹس بند کر دیئے ہیں جس کے باعث پاکستان کو دیگر ممالک سے اپنے شہریوں کو واپس لانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین سے پاکستانی طلبہ کو واپس نہ لانے پر حکومت پر کڑی تنقید کی گئی لیکن آج لوگ فیصلے کی تائید کر رہے ہیں، اب بھی حکومت صورتحال کو دیکھ کر فیصلے کر رہی ہے، ہماری کوشش ہے کہ متوازن ماحول رکھا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کی مزید اضافہ نہ ہو۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں