ہماری پہلی ترجیح پاکستان واپسی کے منتظر،دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے لوگوں کو واپس لانا ہے ،شاہ محمود قریشی

دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ،ہمارے پاس اس وقت بیرون ملک پاکستانیوں کے مکمل اعداد و شمار موجود ہیں ،ہمیں ایئرپورٹس پر کرونا پازیٹو کیسز کیلئے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے،اجلاس سے خطاب

بدھ 1 اپریل 2020 15:33

ہماری پہلی ترجیح پاکستان واپسی کے منتظر،دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے لوگوں کو واپس لانا ہے ،شاہ محمود قریشی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2020ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح پاکستان واپسی کے منتظر،دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے لوگوں کو واپس لانا ہے ،دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ،ہمارے پاس اس وقت بیرون ملک پاکستانیوں کے مکمل اعداد و شمار موجود ہیں ،ہمیں ایئرپورٹس پر کرونا پازیٹو کیسز کیلئے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

بدھ کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈاکٹر معید یوسف، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سیکرٹری ہوا بازی ڈویڑن حسن ناصر جامی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ،اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے ،اس سے قبل منعقد ہونیوالے تین اجلاسوں میں، ہم نے وزارت صحت، ایوی ایشن اتھارٹی، اورسیز ڈویڑن، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے تجاویز لیں اور ان تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ہماری پہلی ترجیح پاکستان واپسی کے منتظر،دنیا بھر میں ایئرپورٹس پر پھنسے ہوئے لوگوں کو واپس لانا ہے ،اسی مقصد کیلئے ہم نے وزارت خارجہ میں فوری طور پر کرایسز مینجمنٹ سیل قائم کیا جو دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ہمارے پاس اس وقت بیرون ملک پاکستانیوں کے مکمل اعداد و شمار موجود ہیں ۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہم نے ٹیسٹ فلائٹ پر تمام پروٹوکول کو آزمایا تھا، 170 مسافر لائے گئے اور ان سب کو ٹیسٹ کیا گیا الحمد للہ سب کے سب نیگٹو تھے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں ایئرپورٹس پر کرونا پازیٹو کیسز کیلئے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں ،پی آئی اے کی طرف سے اس حوالے سے کی گئی تیاریوں کے حوالے سے شرکاء اجلاس کو بریفنگ دی گئی ، وزیر خارجہ نے کہاکہ ٹیسٹنگ اور کوارنٹائین سہولت کے حوالے سے ہماری استعداد کار میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے تاہم دوسری طرف ہمیں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد کو بھی مد نظر رکھنا ہو گا ،اجلاس میں 4 اپریل کو بین الاقوامی فلائیٹس بحال ہونے کی صورت میں، لائحہ عمل مرتب کرنے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوئی ،اس اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں