سپریم کورٹ نے ہائوسنگ سوسائٹی کے نام فراڈ کرنے والے ملزم ملک اللہ بخش کی درخواست ضمانت خارج کردی

بدھ 1 اپریل 2020 15:33

سپریم کورٹ نے ہائوسنگ سوسائٹی کے نام فراڈ کرنے والے ملزم ملک اللہ بخش کی درخواست ضمانت خارج کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اپریل2020ء) سپریم کورٹ نے ہائوسنگ سوسائٹی کے نام فراڈ کرنے والے ملزم ملک اللہ بخش کی درخواست ضمانت خارج کردی ،درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کی گئی ۔ بدھ کو دور ان سماعت جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ملزم نے عوام سے اس منصوبے کے لیے پیسے لیے جسکو بنانے کا اختیار ہی نہیں تھا، سوسائٹی کے نام پر لوگوں سے پیسے لے لیا متعلقہ اتھارٹی سے اجازت ہی نہیں لی، 27 سال گزر گئے پیسے لیے لوگوں کو پلاٹ نہیں ملے۔

جسٹس قاضی امین نے کہاکہ عام آدمی کی زندگی کا مقصد ہی اچھا گھر بنانا ہوتا ہے۔ وکیل ملزم نے کہاکہ نیب میرے موکل کو بتا دے انکے زمے واجب الادا رقم کتنی ہے،میں سارے پیسے واپس دینے کو تیار ہوں، عوام سے فراڈ کرنے والے مرکزی کردار آزاد پھر رہے ، میرے موکل کا فراڈ میں کوئی کردار نہیں ہے، ہائوسنگ سوسائٹی کے 400 الاٹیز نیب نے 27 لوگوں کی بنیاد پر ریفرنس بنا دیا۔

(جاری ہے)

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ ہائوسنگ سوسائٹی کے لیے سرکار سے اجازت لینی ہوتی ہے۔ وکیل ملزم نے کہاکہ میرے موکل کو فیئر ٹرائل کا حق دیا جائے۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ فیئر ٹرائل انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس سے دلائیں ، ملک میں ہر کسی کو فیئر ٹرائل چاہیے۔ وکیل ملزم نے کہاکہ کتنی تکلیف دہ بات ہے مرکز کردار باہر ہیں اور میرا موکل گرفتار ہے۔

جسٹس قاضی امین نے کہاکہ ملزم اپنی رقم کی ریکوری کے لیے فراڈیے کے ساتھ مل گیا۔ جسٹس عمر عطا ء بندیال نے کہاکہ اپنے پیسے وصول کر کے خود کو معصوم قرار دے رہے۔ جسٹس قاضی امین نے کہاکہ کیا اس ملک میں فراڈ نہیں ہو رہا، لوگ گندہ پیسہ نہیں بنا رہے، اس ملک میں قانون سے کوئی نہیں بھاگ سکتا، ملزم 1997 سے اس گروہ کا حصہ ہے۔ بعد ازاں عدالت نے درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی ۔ یاد رہے کہ ملزم پر بابر ٹاون ملتان میں پلاٹ کے نام پر عوام سے فراڈ کر الزام ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں