دنیا بھر کے عوام کورونا وائرس کے خلاف مل کر لڑیں اور اپنی حکومتوں کا ساتھ دیں

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم کی اپیل

جمعہ 3 اپریل 2020 13:07

دنیا بھر کے عوام کورونا وائرس کے خلاف مل کر لڑیں اور اپنی حکومتوں کا ساتھ دیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے دنیا بھر میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 لاکھ ہو جانے اور اموات میں تیزی سے اضافہ پر شدید تشویش ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے گزشتہ روز اپنی آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ دنیا میں کورونا کے کیسز ہر گزرتے دن کے ساتھ متاثرہ افراد اور اموات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ اموات بھی ہو چکی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے دنیا بھر کے عوام سے درخواست کی کہ وہ اس وائرس کے خلاف مل کر لڑیں اور اس کے خلاف اقدامات میں اپنی حکومتوں کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ صحت موجودہ بحرانی صورتحال میں عالمی بینک اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے تاکہ ترقی پذیر ممالک کو اس خطرناک وائرس کے سماجی اور معاشی اثرات سے بچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ ایک دن قبل اقوام متحدہ نے بھی اسی طرح کے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے جنگ عظیم دوئم کے بعد دنیا کا سب سے بڑا بحران قرار دیا تھا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا تھا کہ اس وائرس سے نہ صرف دنیا بھر کے عوام بلکہ عالمی معیشت کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9 لاکھ 81 ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ وائرس سے اب تک 50 ہزار افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ سال چین کے شہر ووہان سے جنم لینے والے اس وائرس سے دنیا بھر میں تباہی کا سلسلہ جاری اور اب دنیا کے محض 40 ممالک اور خطے ہی اس وائرس کی تباہ کاریوں سے محفوظ ہیں۔ چین میں 3 ہزار سے زیادہ اموات کے بعد اس وائرس کے سبب مشرق، یورپ اور امریکا میں اموات کا سلسلہ جاری ہے اور خصوصاً یورپ میں اب تک وائرس سے 25 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ اب تک سب سے زیادہ اموات اٹلی میں ہوئی ہیں جہاں 13ہزار 915 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اسپین میں بھی اموات 10 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ تعداد میں لوگ امریکا میں متاثر ہوئے ہیں جہاں 2 لاکھ 26 ہزار افراد میں وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں