فضل الرحمن کی حکومت کواپنے تمام رضاکار دینے کی پیشکش

حکومت کو انسانیت کے ناطے اپنے تمام رضا کار اور مدارس دینے کی دعوت دیتا ہوں۔جمعیت علمائے اسلام ف مولانا فضل الرحمن کا اعلان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 3 اپریل 2020 13:08

فضل الرحمن کی حکومت کواپنے تمام رضاکار دینے کی پیشکش
اسلا م آباد ( پوائنٹ اخبار تازہ ترین 3 اپریل 2020ء ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےحکومت کو انسانیت کے ناطے اپنے تمام رضا کار اور مدارس دینے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کو انسانیت کے ناطے اپنے تمام رضا کار اور مدارس دینے کی دعوت دیتا ہوں،ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ہمارے رضاکاروں کی ضرورت ہے، ہم تعاون کیلئے تیارہیں تمام دینی مدارس اورمکاتب فکر کی تنظیمات ریاست کے جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ حکومتی اور ریاستی حلقوں کے رویے ٹھیک نہیں ہیں، حکمران اور حکومتی ادارے کرونا کو مذہبی جماعتوں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں،تمام دباؤمساجد پر ہے کہ نمازیں نہ پڑھی جائیں جمعہ کے اجتماع نہ ہوں ،آئمہ کو گرفتار کیا جا رہاہے اور مساجد کو تالے لگائے جا رہے ہیں،تبلغی جماعت کو خاص طور پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

فضل الرحمان نے کہاکہ میں مجبور ہوکر ریاستی اداروں ، حکومت اور مذہب بیزار قوتوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اس تنگ نظری کو ختم کیا جائے،اس موذی مرض کو ختم کرنے کے لیے سب کے ساتھ ایک رویہ رکھیں۔قبل ازیں مولانا فضل الرحمن نے شہبازشریف کو پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کی تجویز دیدی ۔ مولانا فضل الرحمان نے شہبازشریف کو ٹیلی فون، کورونا صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔

مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ میں نے شہبازشریف کو پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کی تجویز دی ،پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنائے جانے تک اپوزیشن کسی کمیٹی میں شریک نہیں ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف نے میری تجویز پر تمام اپوزیشن کو اعتماد میں لے لیا ہے، یہ ملک کسی ایک جماعت کے سربراہ کی بنائی فورس کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہمیں ٹائیگر فورس کی ضرورت نہیں، اس کام کے لیے ہمارے پاس فوج ، پولیس اور بلدیاتی ادارے موجود ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں