امریکہ میں کورونا وائرس سے 10 پاکستانی جاں بحق،تصدیق صرف تین کی ہو سکی

فضائی آپریشن معطل ہونے کے سبب امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی بجائے وہیں سپرد خاک کیا جا رہا ہے، میڈیا رپورٹ

جمعہ 3 اپریل 2020 22:47

امریکہ میں کورونا وائرس سے 10 پاکستانی جاں بحق،تصدیق صرف تین کی ہو سکی
اسلام آباد ، واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب کم سے کم دس پاکستانی جاںبحق ہو چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں محمد سعید بھی شامل ہے جس کی عمر56 سال اور تعلق پاکستان میں صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے علاقے نوشہرہ ورکاں سے تھا۔ محمد سعید گزشتہ گیارہ سال سے امریکہ میں مقیم تھے اور بیس دن پہلے پاکستان سے نیویارک پہنچے تھے۔

قریبی ذرائع کے مطابق محمد سعید کو طبیعت خراب ہونے پر چند روز قبل بروکلین کے مقامی اسپتال کونی ائیلنڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔اسپتال انتظامیہ کے مطابق محمد سعید کو نمونیہ کی دوا دے کر گھر بھیج دیا گیا تھا۔اس سے قبل ایک پاکستانی ملک عنایت بھی کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک عنایت کا تعلق بھی نوشہرہ ورکاں سے تھا۔نیویارک کی کاروباری شخصیت حاجی اقبال وڑائچ بھی کورونا وائرس کے سبب جاں بحق ہو گئے ہیں۔

امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں میں رحمان شکر بھی شامل ہیں۔اندازے کے مطابق امریکہ میں10 کے قریب پاکستانی کوورونا وائرس کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں لیکن تصدیق صرف چند افراد کی ہو سکی ہے۔فضائی آپریشن معطل ہونے کے سبب امریکہ میں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کی بجائے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں