مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے ،شاہ محمود قریشی

اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفونک گفتگو انتہائی سود مند رہی، میں نے انہیں بتایا پاکستان اور پوری کشمیری قوم نے بھارت کے اس اقدام کو مسترد کیا ہے، اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے سیکرٹری جنرل نے تیسری دنیا کے ممالک کیلئے علم بلند کیا اور میں ان کی اپروچ کو سراہتا ہوں،ویڈیو بیان

جمعہ 3 اپریل 2020 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انکی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس سے ٹیلیفونک گفتگو انتہائی سود مند رہی،انہوں نے تیسری دنیا کے ممالک کیلئے علم بلند کیا اور میں ان کی اپروچ کو سراہتا ہوں،ہم نے ترقی پذیر ممالک کے لیے قرضوں کی ری اسٹرکچرنگ کی تجویز دی ہے تاکہ یہ ممالک اپنے وسائل کو اپنے ہیلتھ سسٹم میں بہتری لانے کیلئے اور انسانی جانوں کو بچانے کیلئے استعمال کر سکیں ان نے اس پر بہت اچھی تجاویز دیں اور میں نے ان سے اتفاق کیا ہے دوسری بات جو میں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے گوش گزار کی وہ بھارت کے مذموم مقاصد ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک طرف دنیا کرونا جیسی عالمی وبا سے نبرد آزما ہے دوسری طرف بھارت ڈومیسائل قوانین میں ترمیم کر کے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کے درپے ہے ایک طرف بھارت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ کیے ہوئے ہے وہاں خوراک اور ادویات تک میسر نہیں آ رہیں اور دوسری طرف بھارت مزید غیر قانونی اقدامات اٹھا رہا جو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے ۔

(جاری ہے)

میں نے انہیں بتایا کہ پاکستان اور پوری کشمیری قوم نے بھارت کے اس اقدام کو مسترد کیا ہے اور اقوام متحدہ کو اس کا نوٹس لینا چاہئے۔بیرون ملک، واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی جلد وطن واپسی کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے۔سترہ فلائٹس چلانے کا فیصلہ کیا گیا جو مختلف ائیر پورٹس پر، وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو مرحلہ وار واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے باہر سے آنے والے تمام مسافروں کو کرونا ٹیسٹگ سے گزارنا ہے تاکہ وبا کے پھیلاؤ کے خطرے کو روکا جا سکے۔ہم نے وزارت خارجہ میں ایمرجنسی کرایسز مینجمنٹ سیل قائم کر دیا ہے ویب سائٹ پر ان کے رابطہ نمبرر بھی دے دیے گئے ہیں۔بیرونی ممالک میں ایرپورٹس پر، واپسی کے خواہشمند پاکستانی ان نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ہم اپنی کرونا ٹسٹنگ اور کوارنٹائین کی استعداد کار کو بھی بتدریج بڑھا رہے ہیں تاکہ ہم موثر انداز میں اس چیلنج سے نبرد آزما ہو سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں