ترکی سے اسلام آباد آنے والے کئی مسافروں کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے

پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے آنے والے 300مسافروں میں سے 25کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا، حکومت کا امیگریشن، اے ایس ایف اور سی اے اے سمیت دیگر ملازمین کا بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 5 اپریل 2020 11:01

ترکی سے اسلام آباد آنے والے کئی مسافروں کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 اپریل 2020ء) ترکی سے اسلام آباد آنے والے کئی مسافروں کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے ٹورونٹو براستہ استنبول، اسلام آباد آنے والے 300مسافروں میں سے 25کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں مسافروں کے کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد حکومت نے امیگریشن، اے ایس ایف اور سی اے اے سمیت دیگر ملازمین کا بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پہنچے والے مسافروں کو ایئرپورٹ سے ہوٹل لے جایا گیا تھا جہاں ان کے ٹیسٹ ہوئے، جس میں 25 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ پی آئی اے کی اس پرواز میں 300 سے زیادہ مسافر تھے اور یہ ایک ہی پرواز تھی جو ٹورنٹو اور استنبول سے ہوتی ہوئی اسلام آباد پہنچی تھی۔

(جاری ہے)

اب اسلام آباد ایئرپورٹ پر ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ملازمین نے فوری حفاظتی لباس فراہم کرنے کامطالبہ کردیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعہ کے روز ترکی سے پی آئی اے کی پرواز مسافروں لے کر پاکستان پہنچی تھی۔ ترکی سے قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے782 نیواسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی۔ ترکی سے مجموعی طور پر194مسافروں کولایا گیا ہے جبکہ باقی مسافر ٹورونٹو سے ائے تھے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کے لیے اسلام آباد کے2 ہوٹلوں میں قرنطینہ بنائے گئے ہیں۔ مسافروں میں سے 25افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد تمام مسافروں کو بھی قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب ملک میں کورونا وائرسسے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 45 تک جاپہنچی ہے ، مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2880 ہوگئی ہے جن میں سے 18کی حالت تشویشناک ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں