مزدورکے گھر فاقے ہیں جبکہ حکومت ٹائیگر فورس کے لیےشرٹس بنوانے میں مگن ہے: سراج الحق

حکومت ایک بڑی رقم ٹائیگر فورس کے لیے چار لاکھ شرٹس بنوانے میں خرچ کر رہی ہے جبکہ یہی رقم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حفاظت کے لیے خرچ کی جاسکتی تھی: امیر جماعت اسلامی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 5 اپریل 2020 15:00

مزدورکے گھر فاقے ہیں جبکہ حکومت ٹائیگر فورس کے لیےشرٹس بنوانے میں مگن ہے: سراج الحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 اپریل2020ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ مزدورکے گھر فاقے ہیں جبکہ حکومت ٹائیگر فورس کے لیےشرٹس بنوانے میں مگن ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت ایک بڑی رقم ٹائیگر فورس کے لیے چار لاکھ شرٹس بنوانے میں خرچ کر رہی ہے جبکہ یہی رقم ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حفاظت کے لیے خرچ کی جاسکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت روزانہ امدادکا اعلان کرتی ہے مگر ابھی تک کسی کو ایک روپیہ نہیں ملا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر بجلی و گیس کے بلوں کی معافی کا اعلان کرے اور یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خورد ونوش کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تعمیرات کے شعبے کی ترقی محنت کشوں، مزدوروں کی ترقی ہے۔

(جاری ہے)

فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تعمیراتی شعبے کیلئے مراعاتی پیکج اور صنعت کا درجہ دینے سے دیگر صنعتوں کو فروغ ملے گا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ اقدام امید نو اور ترقی کا پیغام ہے جبکہ مزدور طبقے سے سرمایہ دار برادری سب اس سے استفادہ حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے سیمنٹ اور اسٹیل انڈسٹری کے سوا تمام تعمیراتی شعبوں پر ودہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے جبکہ تعمیراتی شعبے کے تحریک پانے سے دیگر صنعتوں کو نئی زندگی ملے گی جس سے ہنرمند اور غیرہنرمند محنت کش مستفید ہوں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ یہ پیکیج تعمیر وطن، عوام کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کرنے والوں سے صرف 10 فیصد ٹیکس لیا جائے گا جبکہ 90 فیصد ٹیکس رعایت دی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں