احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایک کروڑ 12 لاکھ خاندانوں کو فی کس 12 ہزار روپے نقدرقم کی فراہمی

لاکھوں ایس ایم موصول ہوچکے ہیں‘حکومت ملک کی تاریخ میں سب سے بڑی ریلیف مہم چلارہی ہے. ثانیہ نشتر

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 5 اپریل 2020 15:42

احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایک کروڑ 12 لاکھ خاندانوں کو فی کس 12 ہزار روپے نقدرقم کی فراہمی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 اپریل۔2020ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس کے پیش نظر احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایک کروڑ 12 لاکھ خاندانوں کو فی کس 12 ہزار روپے نقد فراہم کرے گی. اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ معاونت حاصل کرنے کے لیے 8171 پر ایس ایم ایس سروس جاری ہے اور ہمیں لاکھوں ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں.

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک کی تاریخ میں سب سے بڑی ریلیف مہم چلارہی ہے ثانیہ نشتر نے کہا کہ یہ ایک مرتبہ ملنے والی معاونت ہے اور 144 اب روپے اس کام کے لیے مختص کیے گئے ہیں.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر احساس ایمرجنسی کیش اسسٹنس کی مانگ میں اضافہ ہوا تو اضافی وسائل حاصل کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی یونٹس بشمول گلگت-بلتستان اور آزاد کشمیر کا کوٹہ مردم شماری کے حساب سے رکھا گیا ہے.

معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب نے 7 لاکھ افراد اور سندھ نے ڈھائی لاکھ افراد کے لیے اضافی فنڈ بھی رکھا ہے معاون خصوصی نے کہا کہ نقد امداد کی منتقلی کو شفاف اور اصول پر مبنی انداز میں یقینی بنایا جائے گا. انہوں نے کہا کہ لوگوں کے ایس ایم ایس پر نقد امداد کے حصول کے لیے 3 طرح کے ردعمل ہوں گے جن میں اہل، نااہل، اور آپ کی ضلعی انتظامیہ سے رابطہ شامل ہے تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ ضلعی انتظامیہ سے رابطے کا مطب کیا ہے؟ انہوں نے بتایا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کے ملازمین امداد کے اہل نہیں ہیں.

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس صوبائی اور وفاقی حکومتوں، ریلوے، پاکستان پوسٹ، اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے ملازمین کا ڈیٹا بیس موجود ہے جبکہ امید ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں خود مختار اداروں کا ڈیٹا دستیاب ہوگا. ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ایس ایم ایس کے جواب میں معاونت کے اہل بننے سے پہلے ویلتھ پروفائلنگ ٹیسٹ سے گزرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ کفالت سے مستفید ہونے والے افراد، جو ماہانہ 2000 روپے نقد رقم کی منتقلی حاصل کررہے ہیں، کو ایک ہزار روپے اضافی دی جائے گی لہذا ان کو بھی چار مہینوں پر محیط 12 ہزار روپے ملیں گے.

انہوں نے کہا کہ اس زمرے کے تحت ساڑھے چار لاکھ افراد مستفید ہوں گے انہوں نے کہا کہ اعلٰی اہلیت یا غربت کی دہلیز کو قومی سماجی اقتصادی ڈیٹا بیس کے ذریعہ 40 لاکھ مستحقین کی شناخت کے لئے استعمال کیا جائے گا، جبکہ مزید 35 لاکھ افراد اضلاع سے آئیں گے. ادائیگی کے طریقہ کار کے بارے میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ مستحق خاندانوں کو بائیو میٹرک تصدیق کے بعد پاکستان بھر میں حبیب بینک لمیٹڈ اور بینک الفلاح کی 18 ہزار 65 سے زائد سیل پوائنٹس یا خوردہ دکانوں کے ذریعے 12 ہزار روپے کی نقد امداد ملے گی.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں