شہزاد اکبر کا پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ ، 388میڈیکیٹڈ کٹس آئی جی اسلام آباد کے حوالے کیں

اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں، اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کی عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، وزیر مملکت برائے داخلہ

پیر 6 اپریل 2020 23:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2020ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب ووزیر مملکت داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے کورونا وائرس کے خلاف اسلام آباد پولیس کی کاوشوں اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی پولیس ،رینجرز،انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جس انداز سے موذی وبا کے خلاف دن رات شہریوں کی خدمت کے لئے سرگرم ہیں وہ قابل تحسین ہے،پولیس کی طرف سے تھیلسیمیا کے مریضوں کے لئے خون کا عطیہ احسن اقدام ہے ،پولیس لائنز کے دورہ کا مقصد پولیس جوانوں کے حوصلہ کا مزید بڑھانا ہے ، کورونا کے خلاف تاجر کمیونٹی کا کردار بھی انتہائی موثر ہے ،پیر کو وزیر اعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ، اس مو قع پرآئی جی محمد عامر ذو الفقار، ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات ،ہلال احمر پاکستان کے چئیرمین ابرارالحق ،تاجر رہنما اور پولیس کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے،وزیر مملکت مرزا شہزاد اکبر نے پولیس کے لئے 388میڈیکیٹڈ کٹس آئی جی کے حوالے کیں،یہ کٹس اسلام آباد پولیس کے ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو فراہم کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اس مو قع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرزا شہزاد اکبر نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوان کورونا وائرس کے خلاف صف اول کا کرداراداکر رہے ہیں، پولیس کے افسران و جوانوں کی عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، اس وبا کے دوران پولیس افسران اورجوان جس انداز میں فرائض سرانجام دئیے انتہائی قابل تحسین ہے،انہو ں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے شہریوں کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے،پولیس لائنز آنے کا مقصد جوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ،کرونا وائرس کے حوالے سے اسلام آباد پولیس ، رینجرز ،ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروںکے انتظامات بر وقت اور موثر ہیں جبکہ تاجر کمیونٹی بھی مثالی کردار ادا کر رہی ہے ۔

ا س مو قع پر آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے کہا کہ موذی وبا کے خلاف دنرات مصروف عمل پولیس افسران و جوانوں کی صحت کا مکمل خیال رکھا گیا ہے ،الحمدللہ ابھی تک اسلام آباد پولیس کے کسی جوان میںکوروناوائرس کی شکایت نہیں، موجودہ حالات میں پولیس جوان تھیلیسیمیا کے مریضوں کو خون دینے میں بھی پیش پیش ہیں۔ڈی آئی جی آپریشنز تمام امور کی دن رات نگرانی کرتے ہیں اور پولیس فورس کا مورال بلند رکھے ہوئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں