پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3864تک پہنچ گئی

کورونا سے ملک میں 54 مریض جان کی بازی ہارگئے، 429 صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 اپریل 2020 11:16

پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3864تک پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 اپریل2020ء) پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3864تک پہنچ گئی جبکہ کورونا سے ملک میں 54 مریض جان کی بازی ہارگئے۔ اس کے علاوہ 429 صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔ یکم اپریل سے ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور کیسز میں مارچ کے مقابلے میں دوگنا تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

گزشتہ روز ملک میں نئے کیسز اور اموات کا سلسلہ جاری رہا اور ایک روز میں ریکارڈ 610 کیسز سامنے آئے۔ آج بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک ملک میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 864 تک پہنچ گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں مزید ایک موت سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 54 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1918ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تصدیق کی ہے کہ صوبے میں کورونا کے 1918کیسز موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ آج صوبے میں 1929ٹیسٹ کیے گے جن میں سے 455مثبت آئے، 8مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ منگل کو صبح کے وقت وزیر صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں مزید 95 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی جس کے بعد خیبرپختونخوا کے کیسز کی تعداد 405 سے بڑھ کر 500 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں مزید ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعدا 83 تک پہنچ گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں متاثرین کی تعداد 16 سے بڑھ کر 18 تک پہنچ چکی ہے۔سندھ میں 932، خیبرپختونخوا میں 500، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211، اسلام آباد میں 83 اور آزاد کشمیر میں 18 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس عالمی وبا سے لڑتے ہوئے مزید 170 افراد صحت یاب ہوگئے۔ جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 259 سے بڑھ کر 429 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں