پاکستان میں مزید 170 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی

صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 259 سے بڑھ کر 429 ہوگئی ،54 افراد جان کی بازی ہار گئے

Salman Javed Bhatti سلمان جاوید بھٹی منگل 7 اپریل 2020 11:44

پاکستان میں مزید 170 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی
اسلام آباد (اردو  پوائنٹ اخبار تازہ ترین 7 اپریل 2020ء ) پاکستان میں مزید 170 افراد نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مزید 170 افراد صحتیاب ہو گئے ہیں۔   ملک بھر میں کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 259 سے بڑھ کر 429 پر جا پہنچی ہے۔ ملک بھر میں  کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 3864 ہو گئی۔

جبکہ کورونا سے ملک میں 54 مریض جان کی بازی ہارگئے۔ اس کے علاوہ 429 صحتیاب ہوکر گھروں کو چلے گئے ہیں۔ یکم اپریل سے ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور کیسز میں مارچ کے مقابلے میں دوگنا تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ گزشتہ روز ملک میں نئے کیسز اور اموات کا سلسلہ جاری رہا اور ایک روز میں ریکارڈ 610 کیسز سامنے آئے۔

(جاری ہے)

آج بھی کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک ملک میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 864 تک پہنچ گئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں مزید ایک موت سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 54 ہوگئی ہے۔ پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1918ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تصدیق کی ہے کہ صوبے میں کورونا کے 1918کیسز موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ آج صوبے میں 1929ٹیسٹ کیے گے جن میں سے 455مثبت آئے، 8مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

منگل کو صبح کے وقت وزیر صحت خیبرپختونخوا نے صوبے میں مزید 95 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی جس کے بعد خیبرپختونخوا کے کیسز کی تعداد 405 سے بڑھ کر 500 ہوگئی ہے۔ اسلام آباد میں مزید ایک کیس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وہاں متاثرین کی تعدا 83 تک پہنچ گئی ہے۔ آزاد کشمیر میں متاثرین کی تعداد 16 سے بڑھ کر 18 تک پہنچ چکی ہے۔سندھ میں 932، خیبرپختونخوا میں 500، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 211، اسلام آباد میں 83 اور آزاد کشمیر میں 18 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس عالمی وبا سے لڑتے ہوئے مزید 170 افراد صحت یاب ہوگئے۔ جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 259 سے بڑھ کر 429 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں