شوگرمافیا تحقیقات روکوانے کیلئے تحقیقاتی ٹیم کو دھمکیاں دیتا رہا: مشیر برائے احتساب کا انکشاف

آٹا اور چینی سے متعلق تحقیقات رکوانے کے لیے وزیراعظم کو پیغام بھیجا گیا تھا کہ انکوائری روک دیں ورنہ چینی مارکیٹ سے غائب کر دیں گے: بیرسٹر شہزاد اکبر

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 7 اپریل 2020 15:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اپریل2020ء) مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے انکشاف کیا ہے کہ شوگرمافیا تحقیقات روکوانے کیلئے تحقیقاتی ٹیم کو دھمکیاں دیتا رہا۔ انہوں نے کہا ہے کہ آٹا اور چینی سے متعلق تحقیقات رکوانے کے لیے وزیراعظم کو پیغام بھیجا گیا تھا کہ انکوائری روک دیں ورنہ چینی مارکیٹ سے غائب کر دیں گے۔ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو دھمکی دینے والوں نے اپنے لیےبرا کیا کیونکہ عمران خان کو دھمکی دی جائےتووہ کام ضرور کرتے ہیں۔

شہزاداکبر نے انکشاف کیا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن کےچند ممبران نے تحقیقاتی کمیشن کو دھمکیاں دی تھیں کہ تحقیقات روکی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ تحقیقاتی کمیشن کوجودھمکی دی گئی تھی وہ میسج کی صورت میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ دھمکی دینے والوں کیخلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ شہزاد اکبر نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو دوستوں کے ذریعے پیغام بھیجوایا گیا تھا کہ انکوائری روک دیں ورنہ چینی غائب کردیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ صحافی حامد میر کو ٹوئٹ پر ہی جواب دیا رپورٹ لیک نہیں ہوئی بلکہ پبلک کی گئی، رپورٹ کی کاپی میں نے ہی سب چینلز کو دی ہے۔ معاون خصوصی نے الزام لگایا کہ سلمان شہباز نے اس وقت کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے شوگرسیکٹر کیلئے 20ارب کی سبسڈی لی، شاہدخاقان عباسی اور مریم اورنگزیب نے شاید ابھی تک رپورٹ مکمل پڑھی نہیں، شہبازشریف اپنے بیٹے اورشوگرسیکٹر کو سبسڈی دیتے رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے چینی کے بحران کے حوالے سے ایف آئی اے کی تحقیقاتی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ لیک ہوئی تو اچھا ہوا،جو فیصلے وزیرِ اعظم عمران خان نے کیے ان کے بارے میں مجھے بھی معلوم نہیں تھا،کورونا وائرس دنیا کی سیاست بدل سکتا ہے، کورونا نے جتنی سیاسی ہلچل پیدا کی نائن الیون نے بھی پیدا نہیں کی تھی،رمضان کے بعد چینی چوروں کا حساب ہو گا، ہماری لیڈر شپ پر کوئی کرپشن کی بات نہیں کر سکتا،آنے والے چند دنوں میں ملکی سیاست میں ہلکی پھلکی ہلچل دیکھ رہا ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں