عراق میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے 9814 کے ذریعے 136 مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے

Khurram Aniq خُرم انیق بدھ 8 اپریل 2020 10:44

عراق میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-08 اپریل2020ء) عراق میں پھنسے پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 9814 کے ذریعے 136 مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے جہاں تمام مسافروں کی سکریننگ کی گئی۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ایک مسافر کے جسم کا درجہ حرارت تھوڑا زیادہ تھا جس کی وجہ سے اسے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

باقی 135 افراد کو ہوٹلوں میں موجود قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ قرنطینہ میں موجود تمام افراد کے بلڈ ٹیسٹ کئے جائیں گے جس کے بعد جن مسافروں کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئے گی، انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ جہاز کے عملے کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہےا ور ان کے بھی ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ان مسافروں نے کل پاکستان آنا تھا لیکن پائلٹس کے انکار کے بعد گزشتہ روز جانے والی پرواز منسوخ کر دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پائلٹس کی جانب سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ انہیں حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں، اس کے بغیر وہ کوئی پرواز نہیںاٹھائیں گے۔پوری دنیا میں اس وقت کورونا وائرس کا خوف پھیلا ہوا ہے، دنیا بھر کے تقریباََ 200 کے قریب ممالک مہلک کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ اسی دوران پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے بیرون ملک سے وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا جنہیں وقت کے ساتھ ساتھ لایا جا رہا ہے۔

چونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہر ملک میں خوف پھیلا ہوا ہے،ا س لئے ہر شخص کی کوشش ہے کہ وہ وطن واپسی کر لے۔اسی طرح عراق میں پھنسے پاکستانیوں نے بھی وطن واپسی کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد آج ایک خصوصی پرواز کے ذریعے انہیں واپس لایا گیا ہے۔خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے دنیا بھر سے پاکستانیوں کو واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلی ترجیح ٹرانزٹ میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانا ہے۔ دوسری ترجیح وہ پاکستانی ہیں جنکے ویزہ ایکسپائر ہو چکے ہیں۔ تیسری ترجیح بیرون ملک مقیم پاکستانی اور زیر تعلیم طلبہ کوواپس لانا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں