انٹرنیشنل مارکیٹ میں وینٹی لیٹرز کی قلت ہے ، ہم اپنے ہدف کو حاصل کرلیں گے، چیئر مین این ڈی ایم اے

ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس پہنچ رہی ہیں ، جمعہ کی رات تک 2 لاکھ 35 ہزار ٹیسٹنگ کٹس مزید آئیں گی، لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل

جمعرات 9 اپریل 2020 00:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں وینٹی لیٹرز کی قلت ہے لیکن ہم اس حوالے سے اپنے ہدف کو حاصل کرلیں گے۔وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ 13 مارچ کے بعد اپنے کام کو 7 اکائیوں یعنی چار صوبے، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور دارلحکومت اسلام آباد میں تقسیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سے طبی عملے کی حفاظت کے لیے 6 ہزار کٹس کی درخواست آئی، ہم نے 18 ہزار پہنچائیں۔جنرل محمد افضل نے کہا کہ سندھ کے لیے 9ہزار حفاظتی کٹس اندازہ لگایا گیا تھا مگر ہم نے 15 ہزار فراہم کیں جبکہ صوبے کے 42 ہزار ہسپتالوں کو اگلے 3 دن میں براہ راست حفاظتی کٹس پہنچادی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کیلئے 2 ہزار کا اندازہ لگایا تھا مگر وہ بھی ہم نے 8 ہزار حفاظتی کٹس فراہم کیں جبکہ گلگت بلتستان سے 15 ہزار کی ڈیمانڈ کی تھی ہم نے 24 ہزار فراہم کیں جبکہ مزید 4 ہزار دینے جارہے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ آزاد کشمیر نے 10ہزار کی ڈیمانڈ کی ہم نے 13ہزار فراہم کیں جبکہ اسلام آباد سے 18 ہزار کی ڈیمانڈ ہے 8 ہزار دے چکے ، اگلے 3 دن میں مزید 6 ہزار فراہم کریں گے۔انہوںنے کہاکہ ایک لاکھ ٹیسٹنگ کٹس پہنچ رہی ہیں جبکہ جمعہ کی رات تک 2 لاکھ 35 ہزار ٹیسٹنگ کٹس مزید آئیں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں