پی آئی اے طیارہ حادثہ ،پیپلز پارٹی نے تحقیقاتی کمیٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کردیا

کسی بھی حادثے کی ذمہ داری سب سے پہلے سول ایوی ایشن پر عائد ہوتی ہے، سول ایوی ایشن حکام خود اس معاملے کی تحقیقات کیسے کریں گی ،نفیسہ شاہ

اتوار 24 مئی 2020 00:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2020ء) پی آئی اے طیارہ حادثہ ،پیپلز پارٹی نے تحقیقاتی کمیٹی پر سوالات اٹھاتے ہوئے غیرجانبدار تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ا یک بیان میں نفیسہ شاہ نے کہاکہ افسوسناک واقعے کی تحقیقات کے لئے سول ایوی ایشن حکام پر مشتمل کمیٹی کو مسترد کرتے ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ کسی بھی حادثے کی ذمہ داری سب سے پہلے سول ایوی ایشن پر عائد ہوتی ہے، سول ایوی ایشن حکام خود اس معاملے کی تحقیقات کیسے کریں گی۔

نفیسہ شاہ نے کہاکہ تحقیقات کے لئے غیرجانبدار کمیٹی قائم کر کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں، ساوتھ کوریا کی مثال دینے والے کیا خود اس دلخراش واقعے کے بعد مستعفی ہوں رہے ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ دلخراش واقعے کے بعد کیا وفاقی وزیر، پی آئی اے کے سی ای او سمیت دیگر حکام مستعفی ہوں گی۔

(جاری ہے)

نفیسہ شاہ نے کہاکہ پالپا، پیپلز یونٹی، سوسائٹی آف ایئرکرافٹ انجنیئر سمیت سینیئر آفیسرز ایسوسیشن تنظیمیں ایئرلائن کی بہتری کے لئے آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پی آئی اے میں مارشل لا کے ذریعے قومی ایئرلائن کے حق میں آواز اٹھانے والی ان تنظیموں کی آواز کو دبا دیا گیا ہے، پی آئی اے عملے کی حوصلہ افزائی کی بجائے حوصلہ شکنی کا عمل قابل مذمت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ماضی میں ایئر بلو، بوجھا اور حویلیاں حادثے کی رپورٹ بھی تاحال پبلک نہیں ہوئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں