کرونا وائرس کے پیش نظر پاک بحریہ کی امدادی سرگرمیاں جاری

ملک کے بیشتر علاقوں میں پاک بحریہ کے ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ ان آپریشنز کا مقصد کرونا وباء سے پیدا ہونے والی صورت حال کی وجہ سے مستحق خاندانوں کی امداد ہے

بدھ 27 مئی 2020 18:36

کرونا وائرس کے پیش نظر پاک بحریہ کی امدادی سرگرمیاں جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی2020ء) ملک کے بیشتر علاقوں میں پاک بحریہ کے ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ ان آپریشنز کا مقصد کرونا وباء سے پیدا ہونے والی صورت حال کی وجہ سے مستحق خاندانوں کی امداد ہے۔ پاک بحریہ کے جوان ملک کے دور دراز دیہی و شہری علاقوں تک پہنچ کر ضرورت مند لوگوں کو حفاظتی سامان سمیت اشیاء خورد و نوش تقسیم کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام / اسپتالوں کو حفاظتی سوٹ بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔



علاوہ ازیں صوبہ سندھ اور بلوچستان میں ہزاروں خاندانوں کو راشن بیگ، حفاظتی ماسک اور جراثیم کش مواد فراہم کیا گیا۔ ساحلی پٹی اور کریکس کے مختلف علاقے جن میں اورماڑہ ٹاؤن، حب گوٹھ، گڈانی، میرپور ساکرو، سجاول، سید پور، گوٹھ شاہ عبد اللطیف جاندانی اور گوٹھ مسلم آباد میں راشن تقسیم کیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان بحریہ کی امدادی سرگرمیاں کراچی کے مختلف ساحلی علاقوں میں بلاتعطل جاری ہیں۔

ان ساحلی علاقوں میں ہاکس بے، منوڑا، صلاح آباد، یونس آباد کیماڑی ٹاؤن، شانتی نگر، گونجانی، پہلوان گوٹھ شامل ہیں۔

صوبہ پنجاب میں وسیع پیمانے پر امدادی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ بہاولپور، ملتان، خانیوال، فیصل آباد، چنیوٹ، ساہیوال، سرگودھا، لاہور، ڈسکہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔

مزید برآں، طبی اور ذاتی حفاظت کے سازوسامان بشمول ماسک، دستانے اور حفاظتی سوٹ مختلف چھوٹے شہروں کے مقامی حکام اور ضلعی اسپتالوں کو مہیا کیے گئے۔
مشکل کی اس گھڑی میں پاک بحریہ ویمن ایسوسی ایشن کا مقصد بھی امید کو بحال رکھنا ہے، عوام کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ کم آمدن والے اور مزدور طبقے سے تعلق رکھنے والوں کے لئے امداد فراہم کرنا ہے۔

پاک بحریہ ویمن ایسوسی ایشن کے ذریعہ اسلام آباد سے ملحقہ دیہاتوں، بنی گالہ، بارہ کہو اور مری میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔
عیدالفطر کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ملک و قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امن، ترقی و سلامتی کے لیے دعا کی اور اس بات پر زور دیا کہ تمام اہل وطن کرونا وباء جیسی آزمائش میں باہمی اتحاد اور اخوت کا مظاہرہ کریں۔

امیرالبحر نے کرونا سے متاثرہ افراد اور ان کے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ پاک بحریہ کے حکام نے شہداء کو یاد کرتے ہوئے انکے اہل خانہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
کرونا وبا سے پیدا ہونے والی صورت حال کے پیش نظر پاک بحریہ اپنے ہم وطنوں کے ساتھ متحد کھڑی ہے جو پاک بحریہ کے جذبہ اتحاد اور عزم کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں