حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کر لیا

بدھ 27 مئی 2020 21:44

حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2020ء) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں واضح کمی کے پیش نظر قیمتوں میں مزید کمی کا فیصلہ کیا ہے۔پٹرولیم انڈسٹری ذرایع کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمت میں 5 سے 10 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کرونا کے باعث ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔یکم مئی کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پٹرول کی قیمت 82 روپے پیسے ہو گئی تھی، پٹرولیم انڈسٹری ذرایع کے مطابق پٹرول کی قیمتوں میں مزید 10 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے کمی کا امکان ہے، جو لاک ڈاؤن کے دوران شہریوں کے لیے بڑی خوش خبری ہوگی۔

(جاری ہے)

مارچ کے آخر میں بھی وزیر اعظم عمران خان کے معاشی پیکج کے تحت وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 96 روپے 60 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت 107 روپے 25 پیسے جب کہ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 77 روپے 45 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں آئی ہے، بلکہ رمضان اور عید پر مزید مہنگائی دیکھی گئی، وزیر اعظم عمران خان نے 2 مئی کو صوبوں کو اس سلسلے میں ہدایت کی تھی کہ اب مہنگائی میں بھی کمی لانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام تک اس کمی کے اثرات پہنچ سکیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں