حکومت نے مہلک وائرس کے خلاف بروقت کوششیں کیں ، توقع ہے کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں اس حوالہ سے بڑی کامیابی حاصل ہوگی،زرتاج گُل

پیر 1 جون 2020 23:19

اسلام آباد۔یکم جون (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2020ء) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ حکومت شہریوں کی صحت کی حفاظت کے لئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے،حکومت نے مہلک وائرس کے خلاف بروقت کوششیں کی ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں اس حوالہ سے بڑی کامیابی ہوگی، پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہلک وائرس کے خلاف بروقت کوششیں کی ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ آنے والے مہینوں میں اس حوالہ سے بڑی کامیابی ہوگی،وزیر اعظم عمران خان صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور مہلک وائرس سے نمٹنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں لاک ڈائون میں نرمی کا مقصد لوگوں کو روزگار اور کاروباری سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنا تھا تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت کرسکیں،زرتاج گل نے کہا اگر چہ عیدالفطر پر لوگ باہر آئے اور بازاروں میں رش رہا تاہم انہیں احساس کرنا چاہیے کہ کورونا موجود ہے اور متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اکثر لوگ مہلک وباء کو سنجیدہ نہیں لے رہے جنہیں صورتحال کو سمجھنا چاہیے اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ ایس اوپیز پر پوری طرح عمل کرنا چاہیے ، انہوں نے کہاکہ ہم نے تاجروں کی اس یقین دہانی کے ساتھ لاک ڈائون میں نرمی کی کہ وہ ایس اوپیز پر عمل درآمد کرائیں گے تاہم بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا،اگر کورونا سے نجات حاصل کرنا ہے تو ایس اوپیز پر عمل، ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا ضروری ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں