پاکستان میں اچانک کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سامنے آ گئی

عید اور رمضان میں سماجی فاصلے کا خیال نہ رکھنے کے باعث کورونا مریضوں میں اضافہ ہوا،اسپتال اور وینٹی لیٹر کم پڑنے کا خدشہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 4 جون 2020 12:44

پاکستان میں اچانک کورونا کیسز میں اضافے کی وجہ سامنے آ گئی
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 جون 2020ء) پاکستان میں ایک دم کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سامنے آگئی۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ عید اور ماہ رمضان میں عوام نے سماجی فاصلوں کا خیال نہیں رکھا،اسی لیے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جبکہ مزید اضافہ متوقع ہے۔

گذشتہ ایک ہفتے میں یہ مرض جس تیزی سے پھیلا ہے اس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ اسپتال اور وینٹی لیٹرز کہیں کم نہ پڑ جائیں۔جبکہ وزیراعظم عمران خان بھی خبردار کر چکے ہیں کہ کورونا سے اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی درخواست کی اور کہا کہ ملک لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان میں لوگ کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔

یہی وجہ ہے کہ عید اور رمضان میں سماجی فاصلوں کا خیال نہ رکھا گیا جس کے باعث کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ موزی وبا سے 24 گھنٹوں کے دوران مزید 82 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جس کے بعد جاں بحق افراد کی کل تعداد ایک ہزار 770 ہو گئی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں پہلی مرتبہ ایک ہی دن میں 4 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مسلسل بڑھتی ہوئی تعداد کے بعد وائرس زدہ افراد کی کل تعداد کورونا کے ابتدائی مرکز چین سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 80 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ آپریشن سینٹر کے کورونا کی صورتحال کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی کیسز کی تعداد 85 ہزار 264 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا کے متاثرین صوبہ سندھ میں ہیں جن کی تعداد 32 ہزار 910 ہے جبکہ پنجاب میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 31 ہزار 104 ریکارڈ کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 11 ہزار 373، بلوچستان میں 5 ہزار 224، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 3 ہزار 188، گلگت بلتستان میں 824، جبکہ آزار کشمیر میں 298 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں