ٹی ٹی پی کے لیے بھارتی حمایت خطے کے دوسرے ممالک کے لیے بھی خطرہ ہے. ترجمان دفترخارجہ

بھارتی وزارت خارجہ کے بیان سے ثابت ہوگیا ہے کہ افغانستان میں تحریک طالبان پاکستان کو نئی دہلی کی حمایت حاصل ہے. عائشہ فاروقی کابیان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 جون 2020 13:51

ٹی ٹی پی کے لیے بھارتی حمایت خطے کے دوسرے ممالک کے لیے بھی خطرہ ہے. ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 جون۔2020ء) پاکستان نے اقوام متحدہ کی رپورٹ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان( ٹی ٹی پی) کے لیے بھارتی حمایت خطے کے دوسرے ممالک کے لیے بھی خطرہ ہے. ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے سرکاری بیان میں بتایا کہ اقوام متحدہ نے افغانستان مانیٹرنگ ٹیم کی 11ویں رپورٹ میں امن و استحکام کا تذکرہ کیا تھا اور اس رپورٹ میں پاکستان میں محفوظ پناہ گاہوں کا کوئی ذکر نہیں کیا گیا.

(جاری ہے)

عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغان امن عمل پر بین الاقوامی برادری نے شکوک و شبہات کا اظہار نہیں کیا انہوں نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ نے اقوام متحدہ کی رپورٹ کو توڑ مروڑ کر پاکستان پر الزامات لگائے ہیں. ترجمان نے کہا کہ بھارتی وزارت خارجہ کا بیان افغان امن عمل کو متاثر کرنے کی کوشش ہے پاکستان افغان امن عمل کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے متعلق پہلے ہی خبردار کر چکا ہے انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیموں کی افغانستان سے پاکستان مخالف سرگرمیوں کی نشاندہی کر چکے ہیں دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ سے افغانستان میں بھارت کی ٹی ٹی پی کو حمایت ثابت ہو گئی ہے.

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں