ماضی میں صحت کے شعبہ کو نظر انداز کئے جانے سے عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں

وزیرِ اعظم عمران خان کی انصاف ڈاکٹرز فورم کے وفد سے گفتگو

جمعرات 4 جون 2020 16:39

ماضی میں صحت کے شعبہ کو نظر انداز کئے جانے سے عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) وزیرِ اعظم عمران خان نے کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، ماضی میں صحت کے شعبہ کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارانصاف ڈاکٹرز فورم (آئی ڈی ایف) کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹر مدیر خان، ڈاکٹر سعید مصطفیٰ، ڈاکٹر جواد واصف، ڈاکٹر عاصم رضوی، ڈاکٹر سجاد، ڈاکٹر محسن رانجھا و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں ملک میں کورونا کی صورتحال، روک تھام کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی اور اس حوالے سے خصوصاً ملکی ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کے کردار پر بات چیت کی گء،اس کے علاوہ صحت کے شعبے میں موجودہ حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

آئی ڈی ایف کی جانب سے صحت کے شعبے میں موجودہ حکومت کی جانب سے کی جانے والی اصلاحات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈاکٹرز اور ہیلتھ کئیر سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں اور پوری قوم ان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا جس کی وجہ سے عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کا مقصد ملک میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا ، عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا اور نظام میں موجود خامیوں کی اصلاح ہے۔ آئی ڈی ایف کی جانب سے وزیرستان میں ہسپتال کے قیام کی تجویز پر بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات کے لئے قائم ٹاسک فورس اس تجویز پر غور کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں