ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے تحت24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 89 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے، 4200 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا سپرے کیا گیا، ترجمان این ڈی ایم اے

جمعرات 4 جون 2020 16:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2020ء) ملک بھر میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن کے تحت متاثرہ علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 89 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے اور 4200 ہیکٹر رقبہ پر ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات سے اسپرے کیا گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق اس وقت ملک کی49 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے۔

بلوچسستان کے 33، خیبر پختونخواہ 10، پنجاب 2 اور سندھ کے 4 اضلاع متاثر ہیں۔ ترجمان کے مطابق بلوچسستان میں خضدار، آواران، نوشکی، چاغی، گوادر، اتھل، کیچ، پنجگور، خاران، وشوک، کوئٹہ، کے علاوہ دیگر اضلاع بھی متاثر ہوئے ہیں۔ کے پی میں ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک،شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، کرک، کرم کے اضلاع متاثر ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور میانوالی جبکہ سندھ میں سکھر، نوشہروفیروز، شہید بے نظیر آباد اور مٹیاری ٹڈی دل سے متاثر ہیں۔

ٹڈی دل کے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے اور 1125 ٹیموں نے لوکسٹ کنڑول آپریشن میں حصہ لیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 89 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے اور 4200 ہیکٹر رقبہ کا ٹڈی دل کو تلف کرنے والی ادویات کا اسپرے کیا گیا۔ بلوچسستان میں 2800 ہیکٹر رقبہ، پنجاب میں 100 ہیکٹر پر سپرے کیا گیا۔ خیبر پختونخواہ میں 800 ہیکٹر رقبہ اورسندھ میں 500 ہیکٹر رقبہ ٹریٹمنٹ کیا گیا۔ اب تک پورے ملک میں 5 لاکھ 12ہزار 100 ہیکٹر رقبہ پر سپرے کیا جا چکا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں