حکومت کا حفاظتی سامان کے درست استعمال کے لئے ہیلتھ ورکرز کی آن لائن تربیت کا فیصلہ

میں نے ایک ہسپتال کے گیٹ پر کھڑے چوکیدار کو این 95 ماسک پہنے دیکھا، جبکہ اسی ہسپتال کے اندر کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسیں عام سے ماسک استعمال کر رہے تھے، ڈاکٹر ظفر مرزا

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 6 جون 2020 15:57

حکومت کا حفاظتی سامان کے درست استعمال کے لئے  ہیلتھ ورکرز کی آن لائن تربیت کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-06جون2020ء) حکومت نے حفاظتی سامان( پی پی ایز) کے درست استعمال کے لئے ہیلتھ ورکرز کی آن لائن تربیت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائےصحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ میں نے ایک ہسپتال کے گیٹ پر کھڑے چوکیدار کو این 95 ماسک پہنے دیکھا، جبکہ اسی ہسپتال کے اندر کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹرز اور نرسیں عام سے ماسک استعمال کر رہے تھے۔

اس لئے اس تمام صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر کے طبی عملے کو آن لائن ٹریننگ دی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ اس آن لائن ٹریننگ کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے کیا جائے گا جس کے بعد اسے پورے ملک میں پھیلا دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کی پی پی ایز کا صحیح استعمال بہت ضروری ہے تاکہ اس قیمتی اور اہم سامان سے پورا فائدہ اٹھایا جا سکے۔

معاون خصوصی برائے صحت نے مزید کہا کہ پاکستان سائیکیاٹرک سوسائٹی کی مدد سے ڈاکٹرز اور دوسرے ہیلتھ ورکرز کو اخلاقی اور نفسیاتی امداد فراہم کی جائے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کے خطرات میں حیران کن حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے بعد حالات مزید کشیدگی کی طرف جانے کے امکانات ہیں۔ مریضوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہو رہا ہے جس کے بعد گزشتہ 2 گھنٹوں میں ریکارڈ ہلاکتیں بھی سامنے آ گئی ہیں۔ پاکستان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ابھی تک ملک میں کورونا سے مزید 36 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1935 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 93983 تک پہنچ گئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں