پاکستان نے ایران کے ساتھ مغربی سرحد کو کھولنے کا فیصلہ کرلیا

ایران کے ساتھ گبد، مند، کٹاگر اور چیدگی سرحد 7 روز کیلئے کھولی جائیں گی، ان سرحدوں سے صرف درآمدات اور برآمدات کی اجازت ہوگی۔ اعلامیہ این سی او سی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 3 جولائی 2020 21:41

پاکستان نے ایران کے ساتھ مغربی سرحد کو کھولنے کا فیصلہ کرلیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی 2020ء) پاکستان نے ایران کے ساتھ مغربی سرحد کو کھولنے کا فیصلہ کرلیا، ایران کے ساتھ گبد، مند، کٹاگر اور چیدگی سرحد 7 روز کیلئے کھولی جائیں گی، ان سرحدوں سے صرف درآمدات اور برآمدات کی اجازت ہوگی۔ اعلامیہ این سی او سی کے مطابق پاکستان نے ایران کے ساتھ مغربی سرحد کو7 روز کے لئے کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

وزارت داخلہ نے این سی اوسی اجلاس کے فیصلے کی روشنی میں اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ گبد، مند ، کٹاگر اور چیدگی کے بارڈر کھولے جائیں گے۔ ان سرحدوں سے صرف درآمدات اور برآمدات کی اجازت ہوگی۔ کورونا ایس اوپیز اور پروٹوکولز کے تحت ان بارڈرز سے تجارت کی اجازت ہوگی۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ یہ سرحدیں ہفتے میں ساتوں روز کھلی رہی گی۔

(جاری ہے)

سرحدوں پر تجارت مقررہ وقت پر ہوگی۔

ان مقامات سے لامحدود ٹرکوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے متعلق صورتحال میں بہتری نظر آرہی ہے اور ایس او پیز پر عمل درآمد بہتر ہونے سے صورتحال بہتر ہوئی ہے، ملک بھر میں آج ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد، آکسیجن کی ضرورت والے افراد کی تعداد جون کے وسط سے کم ہے، اگر حالات مناسب رہے تو جولائی کے آخر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ تک ہو گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام نے ایس او پیز پر عمل درآمد بہتر بنایا جس سے وبا کم ہوئی ہے، اگر انتظامی کارروائی نہیں کریں گے تو ہوسکتا ہے کہ جولائی تک 12 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوں، ہم سب کے ہاتھ میں ہے کہ اس وبا سے اپنے آپ کو بچا سکیں، زیادہ تر افراد نے حکومت اور ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کیا ، صرف کراچی میں بہتری نظر نہیں آئی جس کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنا رہے ہیں، سندھ میں مزید کتنا بہتر کام ہوسکتا ہے اس پرمشاورت ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 896 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 78 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 4 ہزار 551 ہوگئی جب کہ سندھ میں کیسز کی تعداد 89 ہزار سے زائد ہے جن میں نصف سے زائد کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں